بین الاقوامی گروپ: مسلم یونٹی فاونڈیشن انڈیا کے سربراہ کا کہنا تھا کہ موجودہ دہشتگرد تنظیموں کے بارے میں یہ کہنا چاہوں گا کہ یہ مسلمان نہیں خوارج ہیں
ایکنا نیوز- اسلام ٹایمز سے گفتگو میں مولانا یوسف قادری نے کہا کہ اسلام کے بارے میں مغربی میڈیا غلط پروپیگنڈہ پھیلاتے ہوئے کہہ رہا ہے کہ اسلام دہشت گردی کا مذہب ہے اور اس کے ماننے والے دہشتگرد ہوتے ہیں، جبکہ اسلام ہی دنیا میں امن و سلامتی اور سکون کا علمبردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے لوگوں کو چاہیئے کہ پہلے وہ اسلام کی تعلیمات کا مطالعہ کریں اور پھر اسلام کے بارے میں اپنی رائے قائم کریں۔ مجھے یقین ہے کہ اگر یہ لوگ اسلام کی تعلیمات کا مطالعہ کریں گے تو اس کے شیدائی ہوجائیں گے اور انہیں محسوس ہوگا کہ امن اور انسانیت کے احترام پر مشتمل اسلام کے جو اصول ہیں، اس کی نظیر کسی اور مذہب میں نہیں مل سکتی۔ اسلام دہشتگردی کے خلاف ترغیب دیتا ہے، اسلام نے کبھی دہشتگردی کی اجازت نہیں دی ہے، اسلام سے لوگوں کو خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے بلکہ اسلام کو قریب سے دیکھنے اور سمجھنے کی ضرورت ہے۔ اسلام کو جو بھی قریب سے سمجھے گا وہ اسکا دلدادہ ہوجائے گا۔ مولانا قادری نے کہا کہ موجودہ دہشت گرد تنظیموں کے بارے میں یہ کہنا چاہوں گا کہ یہ مسلمان نہیں خوارج ہیں اور حدیثوں میں ان کا ذکر کیا گیا ہے کہ بعض لوگ نماز پڑھیں گے اور روزہ بھی رکھیں گے، تلاوت کریں گے اور اعمال کے اعتبار سے بہت اچھے بھی ہوں گے، مگر نبی اکرم (ص) نے ان کے بارے میں فرمایا کہ وہ دین سے اس طرح سے نکل جائیں گے، جیسے تیر کمان سے نکل جاتا ہے اور اس گروہ کو نبی اکرم (ص) نے خوارج کا نام دیا اور فرمایا کہ یہ مسلمانوں کو مشرک اور مباح الدم قرار دیں گے اور ان کا خون بہائیں گے۔ آج داعش نامی تحریک یہی کر رہی ہے اور عرب کی وادیوں میں مسلمانوں کا ہی خون بہا رہی ہے، ان کا خاتمہ کرنا عالم اسلام کی اولین ذمہ داری ہے۔