بین الاقوامی گروپ: مسجد نبوی کے سابق امام الشیخ محمد ایوب ہفتے کی صبح مدینہ منورہ میں انتقال کر گئے۔
ایکنا نیوز- ریاض نیوزایجنسی کے مطابق مسجد نبوی کے سابق امام الشیخ قاری محمد ایوب ہفتے کی صبح مدینہ منورہ میں انتقال کر گئے۔مرحوم کے بیٹے نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں اپنے والد کے انتقال پرملال کی خبر دی۔ مرحوم کی نماز جنازہ مدینہ منورہ میں بعدنماز ظہرپڑھائی گئی جبکہ جنت البقیع کے قبرستان میں سپرد خاک ہوئے۔عرب میڈیا کے مطابق مرحوم امام الشیخ ڈاکٹر محمد ایوب نے بارہ سال کی عمر میں علامہ زکی داغستانی اور الشیخ خلیل بن عبدالرحمن کے ہاں بن لادن مسجد میں قرآن پاک حفظ کیا۔ قرآن، تفسیر اور دیگر علوم قرآنیہ کی تعلیم کے لئے انہوں نے الشیخ محمد سید طنطاوی، الشیخ عبدالعزیز محمد عثمان، الشیخ اکرم ضیاءالعمری، الشیخ محمد الامین الشنقیطی اور الشیخ عبدالمحسن العباد کے سامنے زنوائے تلمذ طے کئے۔ ڈاکٹر محمد ایوب نے اپنی تعلیم وزارت المعارف کے زیر انتظام مدرسہ تحفیط القرآن سے حاصل کی اور بعد میں مڈل اور سیکنڈری تعلیم کے لئے مدینہ منورہ منتقل ہو گئے۔