ایکنا نیوز- رہبری ویب سایٹ کے مطابق رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای سے حسینیہ امام خمینی (رہ) میں طلباء کی اسلامی انجمنوں کے ہزاروں اراکین نے ملاقات کی
رہبر انقلاب اسلامی نے اس موقع پر اپنے
خطاب میں طلبا سے فرمایا کہ رجب کے مہینے سے اپنی روحانی تقویت کے لئے فائدہ
اٹھائیں ۔ آپ نے فرمایا کہ رجب، شعبان اور رمضان کے مہینے روحانیت اور معنویت کی
بہار کے مہینے ہیں۔
رہبر
انقلاب اسلامی نے طلبا سے خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ آپ بھی اپنی عمر کی بہار کے
دور میں ہیں، اس بہار معنویت و روحانیت سے فائدہ اٹھائیں، ذکر و یاد خدا، دعاؤں
اور تلاوت قرآن کریم سے استفادہ کریں، اول وقت نماز کی پابندی کریں، گناہوں سے
پرہیز کریں اور اچھے صفات سے خود کو آراستہ کریں۔ رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی
سید علی خامنہ ای نے طلبا سے اپنے اس خطاب میں فرمایا کہ نوجوانوں کے مسئلے میں
اسلامی جمہوریہ ایران سے امریکا اور صیہونی حکومت کی ایک ہمہ گیر خاموش جنگ جاری
ہے۔ آپ نے فرمایا کہ امریکی چاہتے ہیں کہ ہمارے نوجوان شجاعت، جوش و ولولے، امید
اور جسمانی نیز فکری توانائی سے عاری رہیں، دشمنوں کے سلسلے میں خوش فہمی کا شکار
اور اپنوں سے بدگمان رہیں۔
رہبر
انقلاب اسلامی نے اسلامی جمہوریہ ایران سے سامراجی طاقتوں کی دشمنی کی طرف اشارہ
کرتے ہوئے فرمایا کہ ایران کے مقابلے میں سامراجی طاقتوں کی صف آرائی کا ایک
بنیادی محرک یہ تھا کہ انھوں نے دیکھا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے کسی دوسرے ملک
پر انحصار کئے بغیر ایٹمی توانائی کے انتہا ئی حساس میدان میں اپنی جگہ بنالی اور
اپنے پیروں پر کھڑا ہو گیا۔ آپ نے فرمایا کہ اگر ہم نے میزائلی پروگرام کے سلسلے
میں ان کے مطالبات کے سامنے گھٹنے ٹیک دیئے تو وہ کل بائیو ٹیکنالوجی، نینو
ٹیکنالوجی اور دیگر سائنسی شعبوں میں بھی ہماری پیشرفت پر اعتراض کرنا شروع کر دیں
گے۔
۔ رہبر معظم انقلاب اسلامی نے اس ملاقات میں لبنان کی اسلامی تنظیم حزب اللہ کو عالم اسلام کے لئے مایہ ناز اور قابل فخر تنظیم قراردیتے ہوئے فرمایا: حزب اللہ کے خلاف فاسد اور امریکہ سےوابستہ حکومت کے کھوکھلے بیانیہ کی کوئی حیثیت اور وقعت نہیں ہے حزب اللہ کے جوان عالم اسلام کے لئے مایہ ناز اور باعث فخر ہیں۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے فرمایا: اگر فلاں فاسد حکومت حزب اللہ کے خلاف کھوکھلا بیانیہ صادر کرتی ہے تو اس کے کھوکھلے بیانیہ کی کوئی اہمیت اور قدر و قیمت نہیں ہے مسلمان اچھی طرح جانتے ہیں کہ یہ فاسد حکومت امریکہ سے وابستہ ہے اور حزب اللہ لبنان کے جوان خورشید کی طرح عالم اسلام کے افق پر چمک رہے ہیں۔
رہبر معظم نے فرمایا: امریکہ سے وابستہ بعض حکومتوں نے حزب اللہ کے خلاف کھوکھلا بیانیہ صادر کرکے اپنے مکروہ چہرے کو عالم اسلام کے سامنے مزید نمایاں کردیا ہے۔