
ایکنا نیوز-رہبری ویب سایٹ کے مطابق رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے عدلیہ کے سربراہ اور اہلکاروں سے ملاقات میں عالمی یوم قدس کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا: یوم قدس کے موقع ایران اور عالم اسلام میں فلسطینوں کی حمایت میں عظیم الشان ریلیاں نکالی جائيں گی جبکہ امت مسلمہ کو متحد ہوکر فلسطینیوں کا دفاع کرنا چاہیے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے اس ملاقات کے آغاز میں آیت اللہ شہید بہشتی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے فرمایا: شہید بہشتی بہترین مدیر و مدبر اور خوش فکر انسان تھے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے عدلیہ کے سربراہ کی کوششوں کو سراہتے ہوئے فرمایا: قانون کے اجراء پر نگرانی اور جرائم کی روک تھام عدلیہ کے اصلی وظائف میں شامل ہے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے عدلیہ کی خدمات کو عوام تک پہنچانے کے سلسلے میں تاکید کرتے ہوئےفرمایا: عدلیہ کی خدمات کے بارے میں عوام کو آگاہ کرنا چاہیے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نےفرمایا: عالمی سطح پر ایرانی عوام کے حقوق کے تحفظ کے سلسلے میں عدلیہ کو اہم اقدامات انجام دینے چاہییں اور ایرانی قوم کے حقوق ضائع کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دینی چاہیے۔
انہوں نے فرمایا کہ انقلابی ہونے کامطلب شدت پسندی نہیں بلکہ عدل وانصاف کے تقاضوں پر درست عمل کرنا انقلابی ہونا ہے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے یمن میں انسانی حقوق کی بڑے پیمانے پر پامالی اور اقوام متحدہ کی اس پر خاموشی کی مذمت کرتے ہوئے فرمایا: سعودی عرب یمن میں مجرمانہ اور بھیانک جرائم کا ارتکاب کرکے ننھے اور معصوم بچوں کو قتل کررہا ہے اور یمن پر آل سعود کے ہاتھوں ہونے والے بھیانک اور وحشیانہ جرائم پر اقوام متحدہ نے اپنی آنکھیں بند کررکھی ہیں جو اس عالمی ادارے کی بہت بڑی ذلت اور رسوائی کا باعث ہے اور کیا تعجب کی بات نہیں کہ اقوام متحدہ پیسے لیکر سعودی عرب کا نام بلیک لسٹ سے نکال دیتا ہے ؟
رہبر انقلاب کے خطاب سے پہلے عدلیہ کے سربراہ آیت الله آملی لاریجانی نے عدالتی امور اور عدل و انصاف کی فراہمی کے حوالے سے بریفنگ دی ۔