ڈان نیوز کے مطابق پولیس کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملتان کے علاقے لیہ میں کالعدم تنظیم کے 5 دہشت گردوں کو مقابلے کے بعد ہلاک کردیا۔
پولیس کے مطابق دہشت گردوں نے آج ملتان کے مزارات میں دہشت گردی کی بڑی کارروائی کی منصوبہ بندی کر رکھی تھی۔
پولیس نے ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کرنے کا دعویٰ بھی کیا۔
پولیس نے کسی کا نام لیے بغیر کہا کہ مارے گئے دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنطیم سے تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ لاہور اور سیہون میں دہشت گردی کے بعد ملتان میں بڑی تباہی کا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا۔
واضح رہے کہ 17 فروری کو سیہون میں لعل شہباز قلندر کی درگاہ پر خودکش دھماکا ہوا تھا، جس میں 80 افراد ہلاک جبکہ 200 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔
اس سے قبل 13 فروری 2017 کو لاہور میں پنجاب اسمبلی کے سامنے خود کش دھماکے کے نتیجے میں ڈی آئی جی ٹریفک کیپٹن (ر)احمد مبین اور ایس ایس پی آپریشنز زاہد گوندل سمیت 13 افراد جاں بحق اور 85 زخمی ہو گئے تھے۔