ڈی جی خان: سیکیورٹی فورسزکی کارروائی، 9 تکفیری'دہشت گرد' ہلاک

IQNA

ڈی جی خان: سیکیورٹی فورسزکی کارروائی، 9 تکفیری'دہشت گرد' ہلاک

15:50 - April 14, 2017
خبر کا کوڈ: 3502805
بین الاقوامی گروپ: پاکستان رینجرز، حساس اداروں اور محکمہ انسداد دہشت گردی نے آپریشن ردالفساد کے تحت ڈیرہ غازی خان میں مشترکہ کارروائی کی، جس کے نتیجے 9 سے 10 مبینہ دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

ایکنا نیوز- ڈان نیوز کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں پاک رینجرز کے 3 جوان شہید جبکہ 2 شدید زخمی بھی ہوئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران ڈیرہ غازی خان سے 15 کلومیٹر جنوب میں چوٹی زیریں کے نزدیک بستی دادوانی میں مبینہ دہشت گردوں کی خفیہ پناہ گاہ کو گھیرے میں لیا گیا جہاں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ہلاک ہونے والے مبینہ دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تکفیری تنظیم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سے تھا، جن میں سے 2 کی شناخت محمد اصغر دادوانی عرف استاد گورچانی اور محمد نعیم عرف وقاص دادوانی کے نام سے کی گئی، دہشت گرد اغواء برائے تاوان اور دیگر سنگین جرائم میں ملوث تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شہید ہونے والوں جوانوں میں حوالدار آصف، سپاہی آفتاب اور عزیزاللہ شامل ہیں۔

مبینہ دہشت گردوں کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے رینجرز کے جوانوں کو آرمی ہیلی کاپٹر کے ذریعے سی ایم ایچ ملتان منتقل کردیا گیا۔

نظرات بینندگان
captcha