ایکنا نیوز- دنیا نیوز- سربراہ سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ پاکستان دنیا کا وہ دوسرا ملک ہے جو نظریہ اسلام پر معرض وجود میں آیا،ناموس رسالت کے قانون پر عمل درآمد نہ ہونے کی وجہ سے انتہاپسندی کو تقویت مل رہی ہے ،پاکستان کے عوام قانون کی بالادستی پر یقین رکھتے ہیں جب حکمران اور عدلیہ فوری فیصلے نہیں کرینگے تو شدت کا جنم لینا فطری عمل ہے ،پاکستان سنی تحریک مذہبی ولسانی انتہاپسندی کی شدید مذمت کرتی ہے ، ملک کے قانون ساز اداروں کو سوچنا ہوگا کہ انتہا پسندی بڑھنے کی وجوہات کیا ہیں ،قانون کی بالادستی فوری انصاف کی فراہمی اور عوام کے مسائل کا حل تشدد کو ختم رواداری کو فروغ دیتی ہے ،ناموس رسالت ﷺ کے تحفظ کی راہ میں شہادت پانے والوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اورنگی ٹاؤن میں شہدائے ناموس رسالت ﷺ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، اس موقع پر سربراہ سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری کی تاج پوشی کی گئی ، ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ دین اسلام تمام مذاہب کے احترام اور تحفظ کا درس دیتا ہے ،انہوں نے کہا کہ اسلام نے ہمیشہ انسانیت کو فروغ اور مظلوموں کو فوری انصاف فراہم کرنے کادرس دیا ہے ،پوری دنیا میں اسلام تیز ی سے پھیل رہا ہے اسلام مخالف قوتیں دین اسلام کی بڑھتی مقبولیت سے خوفزدہ ہیں ،اسلام کی مقبولیت کو روکنے کیلئے سازشیں کی جا رہی ہیں ،مغرب اور اسلامی ممالک میں ڈالروں کی چمک کی بنیاد پر دین اسلام کی ہرزہ سرائی کی جاتی ہے ،افسوس کا مقام یہ ہے کہ پاکستان میں ناموس رسالت کا قانون ہونے کے باوجود توہین آمیز مقدمات کو فوری نمٹایا نہیں جاتا جس سے عوام میں تشویش پائی جاتی ہے ،ملک کو آگے لیجانا ہے تو تعلیم ،عدل اور امن وامان کے پرچم کو بلند کرنا ہوگا ،بانیان پاکستان کی اولادیں ملک کی بقاء وسلامتی کیلئے قربانیاں دینے کا عزم رکھتی ہیں ،پاکستان کے مخالفین کو آگے لاکر محب وطن قوتوں کو دیوار سے لگایا جارہا ہے ،اسلام کی سربلندی اور ملک کی سلامتی کیلئے آخری سانس تک جدوجہد جاری رکھیں گے ۔