بین الاقوامی گروپ: جموں سے جاری ایک بیان میں شیعہ فیڈریشن کے صدر نے کہا کہ ایسے دہشت گردانہ حملے یہ تاثر دیتے ہیں کہ دہشتگرد کتنے سفاک اور اسلام کی تعلیمات سے بے بہرہ ہیں
ایکنا نیوز- اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر شیعہ فیڈریشن نے ایرانی پارلیمان اور انقلاب اسلامی کے بانی امام خمینی (رہ) کے مزار پر دہشت گردانہ حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے بزدلانہ حرکت قرار دیا ہے۔ جموں سے جاری ایک بیان میں شیعہ فیڈریشن کے صدر عاشق حسین خان نے کہا کہ ایسے دہشت گردانہ حملے یہ تاثر دیتے ہیں کہ دہشتگرد کتنے سفاک اور اسلام کی تعلیمات سے بے بہرہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے حملے انجام دینے والوں کو کسی بھی طور پر معاف نہیں کیا جانا چاہئے اور ان کو مدد فراہم کرنے والوں کی نشاندہی کی جانی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اور کچھ دیگر ممالک کی طرف سے دہشتگردی کے خلاف ڈھنڈورہ پیٹا جا رہا ہے لیکن یہ سب دکھاوا ہے، جس میں کوئی حقیقت نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشتگرد آج پوری دنیا میں پھیل چکے ہیں اور وہ اپنی تعلیمات کو عام کرنے کے لئے ہر ہتھکنڈے کا سہارا لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ تب کامیاب ہوگی، جب ان دہشتگرد ٹولوں کی حمایت کرنے والوں کی نشاندہی ہو اور ان کے خلاف بھی کارروائی کی جائے۔ عاشق خان نے ملت ایران کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں بے گناہ شہریوں کی ہلاکت پر افسوس ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگرد اسلام کا لبادہ اوڑھ کر صہیونیت کو دوام بخش رہے ہیں اور یہ سمجھنے والی بات ہے کہ یہ ٹولے اسلام دشمن طاقتوں کے خلاف مزاحمت کرنے والوں کے خلاف ہی کارروائیاں انجام دے رہے ہیں