بنگلہ دیش: جماعت اسلامی کے مرکزی رہنماؤں کو گرفتار کرلیا گیا

IQNA

بنگلہ دیش: جماعت اسلامی کے مرکزی رہنماؤں کو گرفتار کرلیا گیا

6:52 - October 11, 2017
خبر کا کوڈ: 3503649
بین الاقوامی گروپ: حکومت نے اپوزیشن کی مرکزی جماعتوں کے خلاف کارروائیوں کا آغاز کردیا ہے اور پولیس نے ملک کی سب سے بڑی مذہبی سیاسی پارٹی جماعت اسلامی کے مرکزی رہنماؤں کو گرفتار کرلیا

ایکنا نیوز- ڈان نیوز کے مطابق پولیس نے دارالحکومت ڈھاکا کے شمالی علاقے اتاراہ میں ایک گھر پر کارروائی کرکے 9 افراد کو گرفتار کر لیا جن میں جماعت اسلامی کے سربراہ مقبول احمد، ڈپٹی لیڈر شفیق الرحمن اور سابق رکن اسمبلی غلام پروار شامل ہیں۔

اے ایف پی کو ڈھاکا پولیس کے ڈپٹی کمشنر شیخ نظم العالم نے بتایا کہ 'ہمیں خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی تھی کہ وہ اوتارا سیکٹر نمبر6 میں ایک خفیہ اجلاس کررہے ہیں جہاں سے ہمیں کچھ دستاویزات بھی ملی ہیں'۔

جماعت اسلامی کے رہنماؤں کو کس لیے گرفتار کیا گیا ہے اس حوالے سے انھوں نے کچھ نہیں بتایا لیکن ان میں سے اکثر 'مفرور' تھے۔

بنگلہ دیشی اخبار ’پروتھوم اَلو‘ کی رپورٹ کے مطابق ان رہنمائوں کو تخریب کاری کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ بنگلہ دیشی حکومت کی جانب سے اپوزیشن جماعتوں کے خلاف کارروائیاں ایک ایسے وقت میں شروع کردی گئی ہیں جب وہ پڑوسی ملک میانمار سے آنے والے روہنگیا مسلمانوں کے حوالے سے معاملات پر تنقید کی ذد میں ہے۔

قبل ازیں بنگلہ دیش کی ایک عدالت نے اپوزیشن کی سب سے بڑی جماعت نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی ) کی سربراہ خالدہ ضیا کو 2015 میں بس پر فائرنگ اور بمباری کے الزام پر، جہاں 8 افراد ہلاک ہوئے تھے، کی سماعت میں پیش نہ ہونے پر گرفتاری کے وارنٹ جاری کر دیے تھے۔

سابق وزیراعظم خالدہ ضیا اس وقت لندن میں اپنے بیٹے کے ہمراہ جلاوطن ہیں تاہم رواں ماہ کے آخر تک وطن واپسی متوقع ہے۔

نظرات بینندگان
captcha