ایکنا نیوز- ڈان نیوز کے مطابق جمعے کو غزہ کی سرحد کے قریب اسرائیلی فوجیوں سے جھڑپ کے نتیجے میں 12 اور 14سالہ دو لڑکوں سمیت 6 فلسطینی جاں بحق ہو گئے۔
وزارت صحت کے ترجمان اشرف القدرہ نے بتایا کہ جنوبی غزہ میں خان یونس کی سرحد کے قریب سر میں گولی لگنے سے 12سالہ ناصر مصبح دم توڑ گیا جبکہ وسطی غزہ کے علاقے البریج میں اسرائیلی فوج کی جانب سے مظاہرین پر براہ راست فائرنگ کے نتیجے میں 14سالہ محمد الہوم دم توڑ گیا۔
خبر ایجنسی اے ایف پی کے مطابق اشرف مزید نے بتایا کہ سرحد پر ہونے والی جھڑپوں میں فوج کی فائرنگ سے چار نوجوان بھی دم توڑ گئے جبکہ 200 سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے جنہیں ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ سرحد کے قریب مختلف مقامات میں 20 ہزار سے زائد افراد امن عامہ کی صورت حال کو خراب کرنے کے لیے جمع ہوئے اور انہوں نے مختلف مقامات سے فوج پر دستی بم اور آتش گیر مادے سے حملہ کیا۔
انہوں نے بتایا کہ فوج نے روایتی طریقہ کار پر عمل کرتے ہوئے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے فائرنگ کی تاہم ہلاکتوں کے حوالے سے کسی قسم کی بات کرنے سے انکار کردیا۔
خیال رہے کہ اسرائیلی قبضے اور مقامی افراد کو بے دخل کرنے کے 70 برس پورے ہونے کے سلسلے میں فلسطینی عوام 30 مارچ سے مستقل ہفتہ وار بنیادوں پر احتجاج کر رہے ہیں۔