ایکنا نیوز- ڈان نیوز کے مطابق کراچی میں سی ویو پر نوجوانوں نے سماں باندھا جبکہ مختلف علاقوں میں کنسرٹ کا بھی اہتمام کیا گیا۔
لاہور اور اسلام آباد سمیت دیگر شہروں میں بھی نئے سال کو محافل، دعا اور تقریبات کے ساتھ خوش آمدید کہا گیا۔
وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر سیکریٹری داخلہ کی جانب سے عائد پابندی ختم کرنے کا حکم دیا۔
وزیر اعلیٰ کے مشیر اطلاعات، قانون و اینٹی کرپشن مرتضیٰ وہاب نے نوجوانوں کو کہا کہ نئے سال کی آمد کی خوشی صوبائی حکومت بھرپور طریقے سے منائے گی اور حکومت کی طرف سے ساحل پر آتش بازی کا اہتمام کیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ساحل سمندر کو شہریوں کے لیے بند کرنے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا، ساحل سمندر پر جانے کے لیے بلاول ہاؤس اور سعودی قونصل خانے سے جانے والے راستے کھلے ہوں گے اور شہری نئے سال کی خوشیاں آزادانہ طور پر منا سکتے ہیں۔