
ایکنا نیوز- ڈان نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے 26 اگست کی رات سعودی ولی عہد کو ٹیلی فون کیا۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ وزیراعظم پاکستان اور سعودی ولی عہد نے کشمیر کی موجودہ صورتحال اور خطے میں جاری کشیدگی پر تبادلہ خیال کیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز قوم سے اپنے خطاب کے دوران وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ وہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کے سفیر بن کر دنیا کو اس مسئلے سے آگاہ کریں گے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ میں اس مسئلے کو دنیا کے ہر پلیٹ فارم پر اٹھاؤں گا اور اس پر مختلف ریاستوں کے سربراہان سے بات کروں گا جن سے وہ رابطے میں ہوں۔
انہوں نے یہ بھی باور کروایا کہ وہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں اپنے خطاب کے دوران بھی مسئلہ کشمیر اٹھائیں گے۔
عمران خان نے مسئلہ کشمیر پر مشرقی وسطیٰ سمیت کچھ مسلمان ممالک کی جانب سے بھارتی اقدام کے خلاف ایکشن نہ لینے پر بھی اپنے خطاب میں روشنی ڈالی تھی۔
انہوں نے کہا تھا کہ اگر کچھ مسلمان ممالک اس مسئلے کو اپنے اقتصادی مفادات کی وجہ سے نہیں اٹھا رہے تو وہ ایک دن ہمارے ساتھ ہوں گے، وقت کے ساتھ انہیں آنا ہوگا۔
تاہم اب تک واضح نہ ہوسکی ہے کہ سعودی ولی عہد نے کشمیر بارے موقف سے کیا جواب دیا ہے۔
یاد رہے سعودی عرب، بحرین اور امارات تینوں ممالک اب تک کشمیر کی بجایے مودی کو اعزازات دیتے آرہے ہیں اور کشمیر پر انکی طرف سے ایک مذمتی بیان تک سامنے نہین آیا ہے۔