ڈیرہ اسماعیل خان اور بنوں میں دو قانون دان دن دیہاڑے قتل

IQNA

ڈیرہ اسماعیل خان اور بنوں میں دو قانون دان دن دیہاڑے قتل

9:31 - October 28, 2019
خبر کا کوڈ: 3506786
بین الاقوامی گروپ: تھانہ گومل یونیورسٹی کی حدود میں درابن خورد کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے بستی استرانہ شمالی کے رہائشی معروف زمیندار اور قانون دان ملک اقبال کھیارہ ایڈووکیٹ پر اس وقت فائرنگ کی جب وہ موٹر سائیکل پر اپنی زرعی اراضی پر جارہے تھے، فائرنگ سے ملک اقبال کھیارہ ایڈووکیٹ موقع پہ ہی جاں بحق ہو گئے۔
ایکنا نیوز- اسلام ٹائمز۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے معروف زمیندار ملک اقبال کھیارہ ایڈووکیٹ کو قتل کر دیا ہے۔ تھانہ گومل یونیورسٹی کی حدود میں درابن خورد کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے بستی استرانہ شمالی کے رہائشی معروف زمیندار اور قانون دان ملک اقبال کھیارہ ایڈووکیٹ پر اس وقت فائرنگ کی جب وہ موٹر سائیکل پر اپنی زرعی اراضی پر جارہے تھے، فائرنگ سے ملک اقبال کھیارہ ایڈووکیٹ شدید زخمی ہو گئے اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ واقعہ کی اطلاع پر ریسکیو 1122 کی میڈیکل ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور ایمبولینس کے ذریعے نعش کو ہسپتال منتقل کردیا۔ پولیس نے نامعلوم ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کر کے واقعہ کی تفتیش شروع کردی ہے۔ بعدازاں مقتول ملک اقبال کھیارہ ایڈوکیٹ کی نماز جنازہ زرعی فیکلٹی گومل یونیورسٹی کے سبزہ زار میں ادا کی گئی جس میں بڑی تعداد میں وکلاء برادری، زمینداروں، تاجروں، سیاسی رہنماؤں، رشتہ داروں اور دوستوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
 
بعدازاں مرحوم کو آبائی قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا۔ ڈیرہ کی وکلاء برادری نے ملک اقبال کھیارہ ایڈووکیٹ کے بہمانہ قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے پولیس سے فوری طور پر قاتلوں کو بے نقاب کرکے گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ دوسری جانب بنوں میں بھی نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے ایک قانون دان کو قتل کر دیا ہے۔ بنوں میں تھانہ سٹی کی حدود کے اندر نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے انصاف لائرز فورم کے متحرک عہدیدار محمد عمران ایڈووکیٹ کو قتل کر دیا۔ حملہ آور موٹرسائیکل پہ سوار تھے اور ارتکاب جرم کے بعد کمال اطمینان کیساتھ فرار ہو گئے۔ پولیس نے واقعہ کا مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی ہے، دونوں واقعات دہشتگردانہ ٹارگٹ کلنگ کے واقعات ہیں یا ذاتی رنجش و دشمنی کا شاخسانہ، اس بارے کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔ 

 

نظرات بینندگان
captcha