
ایکنا نیوز- ڈان نیوز کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی سے جاری بیان میں کیا گیا ہے کہ سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے پاکستانی ہم منصب مخدوم شاہ محمود قریشی سے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔
ٹیلی فونک گفتگو میں دوطرفہ تعلقات اور خطے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور سعودی عرب کے مابین دوطرفہ کثیرالجہتی تعلقات کی اہمیت کو پیش نظر رکھتے ہوئے انہیں مزید مستحکم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
شاہ محمود قریشی نے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) رابطہ گروپ کے اہم رکن ہونے کی حیثیت سے مسئلہ کشمیر پر پاکستانی موقف کی غیر متزلزل اور بھرپور حمایت پر سعودی ہم منصب کا شکریہ ادا کیا۔
دونوں وزرائے خارجہ کے درمیان مسئلہ کشمیر کو او آئی سی سمیت مختلف پلیٹ فارمز پر اجاگر کرنے کے لیے مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال ہوا۔
واضح رہے کہ پاکستان نے سعودی ایما پر اہم سہ فریقی سمٹ سے دست برادری کا فیصلہ کیا اور سعودی عرب نے یقین دہانی کرائی تھی کہ آنے والے دنوں میں وزراء خارجہ سطح پر او آئی سی اجلاس میں کشمیر کے مسئلے کو اٹھایا جائے گا تاہم بعد میں اس وعدے سے وہ پسپائی اختیار کرگیے۔