
جیوز نیوز کے مطابق طالبان نے گزشتہ روز کابل ائیرپورٹ پر ہونے والے دھماکوں کی تحقیقات کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دے دی۔
ترجمان افغان طالبان ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا ہے کہ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کی جائےگی۔
امریکی خبر ایجنسی اے پی کے مطابق ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ امارت اسلامیہ افغانستان کابل ائیرپورٹ پر دھماکے کی مذمت کرتی ہے، دھماکے کے مقام کی سکیورٹی امریکی افواج کے ہاتھ میں تھی، امارت اسلامیہ اپنے لوگوں کی حفاظت اور تحفظ پر بھر پور توجہ دے رہی ہے، شر پسند حلقوں کو سختی سے روکا جائے گا۔
سوشل میڈیا پر جاری بیان میں ذبیح اللہ مجاہد نے مزید کہا ہےکہ کابل ائیرپورٹ پر حملے کے بعد بھی رات گئے دھماکے سنے گئے تاہم کابل کےشہری پریشان نہ ہوں کیوں کہ یہ دھماکے امریکی فورسز نے اپنے سامان کو تباہ کرنے کے لیے کیے ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز افغانستان کے دارالحکومت کابل کے حامد کرزئی ائیرپورٹ کے مرکزی دروازے پر یکے بعد دیگرے تین زور دار دھماکے ہوئے جس کے نتیجے 13 امریکی فوجیوں سمیت 73 افراد ہلاک اور 140 زخمی ہوئے تھے۔