
ایکنا نیوز کے مطابق مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کے سیکرٹری جنرل علامہ صادق جعفری نے کہا ہے کہ ملک تاریخ کے بدترین دوراہے پر کھڑا ہے، حکومت کی غیر دانشمندانہ پالیسیوں کے باعث وطن عزیز معاشی مسائل کا گڑھ بن چکا ہے، مقتدر طبقات کی نالائقی، نااہلی اور اختیارات کی کھینچا تانی ریاست کو کمزور کرتی جا رہی ہے۔ ڈویژن کابینہ کے اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ صادق جعفری کا کہنا تھا کہ داعش، القاعدہ اور دیگر عالمی دہشت گرد تنظیمیں ملک میں بدامنی پھیلانے کے لئے ہمارے دروازے پر تیار کھڑی ہیں، ایسی سنگین صورتحال کو نظرانداز کرنا کسی ناقابل تلافی نقصان کو دعوت دینے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے جغرافیائی خدوخال ہر لحاظ سے اہم ہیں، طاقت کے توازن کی ایشیا کی جانب منتقلی میں پاکستان کا کردار مرکزی گزرگاہ کی مانند ہے، چین کی اقتصادی پیش رفت میں رخنہ ڈالنے کے لئے امریکہ اور اس کے حواری ارض پاک کو غیر مستحکم دیکھنا چاہتے ہیں۔
علامہ صادق جعفری نے مزید کہا کہ ملک میں فرقہ وارنہ اور لسانی فسادات کا فروغ عالم استکبار کے مذموم عزائم کے ایجنڈے کا حصہ ہے، ہمیں طاغوتی سازشوں کو ناکام بنانے کے لئے یکجا ہونے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں بحرانوں کی ذمہ دار وہ حکومتیں ہیں جنہوں نے اپنی داخلہ و خارجہ پالیسی کو خودمختار بنانے کی بجائے غیروں کے رحم و کرم پر چھوڑے رکھا، مالی اداروں میں ایسے اقتصادی ماہرین کو ذمہ داریاں سونپی گئیں جن کے مفادات وطن عزیز کی بجائے غیر ملکی اداروں سے وابستہ تھے، حکومتی سطح پر اہم فیصلوں میں غیر ضروری تاخیر اور خامیوں نے ملک کو مسائل کی آماجگاہ بناکر رکھ دیا ہے۔