
(ہندوستان اردو ٹائمز) مسلم پرسنل لاء بورڈکادوروزہ اجلاس کانپورمیں منعقدہوا۔اجلاس میں عہدوں پرموجودشخصیات کی توثیق کی گئی نیزخالی عہدوں پرنامزدگی کاعمل پوراکیاگیاجس کے تحت مولانارابع حسنی ندوی(صدربورڈ)اپنے عہدہ پربرقراررہیں گے۔ امیر شریعت مولانامحمدولی رحمانی(سابق جنرل سکریٹری)کے انتقال سے خالی جنرل سکریٹری کے عہدہ پرمولاناخالدسیف اللہ رحمانی کومنتخب کیاگیا۔
نیزمولاناسالم قاسمی(سابق نائب صدر)کی خالی نشست پر مولاناارشدمدنی صدرجمیعۃ علمائے ہند کو اور مولاناکلب صادق(سابق نائب صدر)کی خالی جگہ پرپروفیسرسیدعلی محمدتقوی سابق پروفیسرعلی گڑھ مسلم یونیورسیٹی کو نائب صدر بنایاگیا۔ان کے علاوہ امیرشریعت بہار،اڈیشہ وجھارکھنڈمولانااحمدولی فیصل رحمانی سجادہ نشیں خانقاہ رحمانی بورڈ کے رکن اور رکن مجلس عاملہ بنائے گئے۔واضح ہوکہ مولانااحمدولی فیصل رحمانی بانی مسلم پرسنل لاء بورڈمولانامنت اللہ رحمانی کے پوتے اورسابق جنرل سکریٹری بورڈمولانامحمدولی رحمانی کے فرزندہیں۔
نیزمولاناصغیراحمدرشادی امیرشریعت کرناٹک، مولانا سفیان قاسمی مہتمم دارالعلوم وقف دیوبند،مولاناسیدمحمدعلی تقوی(جونائب صدربنائے گئے )ایڈووکیٹ ایم آرشمشاد بھی عاملہ کے رکن منتخب کیے گئے ہیں۔بہارسے خالی متعددنشستوں پرقاضی انظارقاسمی قاضی شریعت امارت شرعیہ، جاوید اقبال، انوار عالم بہادر گنج، مولاناحفظ الرحمن اور مولانا عبد الواحد کو بھی رکن میقاتی منتخب کیا گیا۔ علاوہ ازیں مولانا محموددریاآبادی میقاتی سے رکن اساسی بنائے گئے ہیں۔بورڈکایہ دوروزہ اجلاس انتخابی عمل کے علاوہ ملکی اورملی مسائل پربھی طلب کیاگیاہے جس میں کئی اہم تجاویزمنظورکی گئیں۔