رواق کودک میں بچوں کے لئے ’’انجمن کبوتران رضوی‘‘ کے تحت عزاداری کا انعقاد

IQNA

رواق کودک میں بچوں کے لئے ’’انجمن کبوتران رضوی‘‘ کے تحت عزاداری کا انعقاد

18:45 - August 02, 2022
خبر کا کوڈ: 3512430
محرم الحرام کی مناسبت سے ان چھوٹے زائروں کے لئے ’’انجمن کبوتران رضوی‘‘ کے تحت ’’رواق کودک‘‘ میں عزاداری کا انعقاد کیا گیا ہے ۔

آستان قدس رضوی کے مطابق رواں سال کے آغاز میں حرم امام رضا(ع) کے رواق کو ثر کے ایک حصے کو ’’رواق کودک‘‘(بچوں کا ہال)کا نام دیا گیاتاکہ حضرت امام علی رضا (ع) کے یہ چھوٹے زائربچپن سے ہی ایسے پروگراموں میں شرکت کریں جن کے ذریعہ  اسلامی آداب و ثقافت سے آشنا ہو سکیں۔
گذشتہ چند مہینوں میں رواق کودک میں ہونے والے خصوصی پروگراموں کو بہت زیادہ سراہا گیا اور مختلف مناسبتوں پر بچوں کی کثیر تعداد نے رواق کودک کے پروگراموں میں شرکت کی،محرم الحرام کی مناسبت سے حرم امام رضا علیہ السلام کی انتظامیہ کی جانب سے جہاں پر دوسرے زائرین کے لئے عزاداری و مجالس کے مختلف پروگراموں کا انعقاد کیا گیا وہیں پر بچوں کے لئے بھی خصوصی طور پر عزاداری و مجالس منعقد کی گئی ہیں۔


بچپن سے ہی اہلبیت(ع) کی تعلیمات کو فروغ دینا
حرم امام رضا علیہ السلام کے ادارہ  تبلیغات اسلامی کے سربراہ حجت الاسلام والمسلمین حسین شریعتی نژاد نے اس موضوع کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ہم سب بچپن سے ہی سید الشہداء حضرت امام حسین علیہ السلام کے شیدائی اور محب بنے ہیں اس لئے ضروری ہے کہ آج اس نیک روایت کو برقرار رکھتے ہوئے بچوں کے لئے ایسے پروگرام رکھے جائیں جن کے ذریعہ وہ امام حسین(ع) سے آشنا ہو سکیں  اور اسی چیز کو مدّ نظر رکھتے ہوئے محرم الحرام کی مناسبت سے  حرم امام رضا علیہ السلام  میں سو سے زائد پروگراموں کا انعقاد کیا گیا ہے جن میں سے ایک پروگرام  بچوں کے لئے خصوصی طور پر رکھا گیا ہے ۔ 


جگہ کم ہونے کے باعث پروگرام میں شرکت کی شرائط
حرم امام رضا علیہ السلام کے ادارہ تبلیغات اسلامی کے سربراہ  نے مزیدوضاحت دیتے ہوئے کہا کہ پانچ سال سے نو سال کی عمر کے بچوں کے لئے ہر روز صحن کوثر میں واقع رواق کودک میں عزاداری کا اہتمام کیا گیا ہے اور محرم الحرام کے آغاز سے ہی والدین اور بچوں کی جانب سے اس پروگرام کا بہت زیادہ استقبال کیا گیا ہے ،البتہ رواق کودک کی جگہ محدود اور کم ہونے کے باعث اورکرونا وائرس کی وجہ سے حفظان صحت کے اصولوں کی پاسداری کے لئے اس پروگرام میں شرکت فقط پہلے سے رجسٹریشن کے ذریعہ ہی ہو سکتی ہے ۔ 
حجت الاسلام شریعیت نژاد نے بتایا کہ بچوں کی عزاداری میں ماتم داری،عاشورا کے واقعات کو داستان کی صورت میں بیان کرنا ،مرثیہ پڑھنا اورمقابلہ جات شامل ہیں،یہ پروگرام ہر روز صبح ساڑھے آٹھ بجے سے ساڑھے نو بجے تک جاری رہے گا،بچوں کے والدین ،اسکولوں کے اساتذہ رجسٹریشن کے لئے فون نمبر05132002888 کے ذریعہ رابطہ کر کے رجسٹریشن کروا سکتے ہیں۔ 

نظرات بینندگان
captcha