بھوپال مساجد کمیٹی نے ائمہ و موذنین کی مالی معاونت کے لئے اٹھایا بڑا قدم

IQNA

بھوپال مساجد کمیٹی نے ائمہ و موذنین کی مالی معاونت کے لئے اٹھایا بڑا قدم

18:30 - October 15, 2022
خبر کا کوڈ: 3512885
بھوپال مساجد کمیٹی نے ائمہ و موذنین کی مالی معاونت کے لئے اٹھایا بڑا قدم
آٹھ ائمہ وموذنین جو کوویڈ قہر میں دنیا سے رخصت ہوگئے ان کے اہل خانہ کو بلاکر انہیں چیک تقسیم کئے گئے۔ اس موقع پر سماجی خدمات انجام دینے والے اور تین دہائی سے زیادہ عرصہ سے امامت و موذن کا فریضہ انجام دینے والے ائمہ وموذن کی حوصلہ افزائی کی گیی۔

ایکنا - اردو نیوز کے مطابق اردو نیوز کے مطابق کورونا کی وبا اور اس کی دہشت بھلے ہی کم ہوگئی ہو اور زندگی اپنی رفتار کے ساتھ پھر جاری ہو گئی ہو، لیکن وہ لوگ جن کے سروں سے کورونا قہر میں سایہ اٹھ گیا ہے، وہ اب بھی اس وبائی بیماری کو یاد کرکے کانپ اٹھتے ہیں۔ زندگی کے مختلف شعبہ حیات میں کورونا قہر میں دنیا سے رخصت ہونے والوں کے لئے حکومت اور فلاحی تنظیموں کے ذریعہ مدد کے ہاتھ اٹھے مگر وہ ائمہ وموذنین جو کوویڈ بیماری کا شکار ہوئے اور دنیا سے رخصت ہوگئے، ان کی جانب کسی نے خاص توجہ نہیں کی۔ دیر سے ہی سہی مساجد کمیٹی نے ایک بڑا قدم اٹھاتے ہوئے کورونا قہر میں اپنے فرائض کو انجام دیتے ہوئے دار فانی کو الوداع کہنے والے آٹھ ائمہ وموذنین کے اہل خانہ کی مالی معاونت کے لئے قدم اٹھایا ہے ۔

 

بھوپال مساجد کمیٹی میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا اور جو آٹھ ائمہ وموذنین کوویڈ قہر میں دنیا سے رخصت ہوگئے ان کے اہل خانہ کو بلاکر انہیں چیک تقسیم کئے گئے۔ اس موقع پر سماجی خدمات انجام دینے والے اور تین دہائی سے زیادہ عرصہ سے امامت و موذن کا فریضہ انجام دینے والے ائمہ وموذن کا اعزاز بھی کیا گیا۔ بھوپال مساجد کمیٹی کے انچارج سکریٹری یاسر عرفات نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ائمہ و موذنین کی خدمات کا بدل انسان ادا نہیں کرسکتا ہے۔

انہوں نے اپنی حیات میں جو خدمات انجام دی ہیں اس کا بدل تو انہیں اللہ عطا کرے گا لیکن اس تعلق سے شہر قاضی و مفتی و علمائے دین کے ساتھ بات کرنے کے بعد جن آٹھ ائمہ وموذنین کی کوویڈ بیماری کے سبب رحلت ہوئی ہے ان کے اہل خانہ کی مالی معاونت کا فیصلہ کیا گیا۔ الحمد اللہ آج وہ موقع آیا اور ان ائمہ وموذنین کے اہل خانہ کو بلا کر چیک تقسیم کئے گئے ہیں ۔ تاکہ وہ اپنے کو خود کفیل بنانے کی سمت میں کوئی کام کرسکیں۔

سماجی کارکن محمد فیض نے نیوز18 اردو سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں سماجی خدمات کے لئے اعزاز سے نوازا گیا اور ہمارے ساتھ دوسرے بھائی جو ماحولیاتی بیداری، تعلیم کے لئے اور نشہ خوری سے پاک سماج کے لئے خدمات انجام دے رہے ہیں، ان کا بھی اعزاز کیا گیا۔ لیکن سب سے خوشی کی بات یہ ہے کہ مساجد کمیٹی نے ان ائمہ وموذنین کے لئے مالی معاونت کے لئے قدم اٹھایا جو اپنا فریضہ ادا کرتے ہوئے کووڈ قہر میں دنیا سے رخصت ہوگئے ۔

انہوں نے کہا کہ انہیں مالی معاونت کی ضرورت بھی تھی اور ان کے لئے قدم اٹھانا ہماری ذمہ داری کا حصہ بھی تھا۔ ایسے اقدامات ہوتے رہنا چاہئیں تاکہ سماج کے وہ لوگ جو اپنی ضرورت کسی سے بیان نہیں کرسکتے ہیں، ان کی مدد ہوسکے ۔

 

 

نظرات بینندگان
captcha