ایکنا نیوز- اقوام متحدہ کے مطابق اس دن 1948 میں7 لاکھ 60 ہزار سے زائد فلسطینیوں کو ان کے گھروں سے بے دخل کیا گیا تھا، فلسطینیوں کی بے دخلی کے بعد مذکورہ زمین پر اسرائیل کا وجود عمل میں آیا تھا، جس نے تقریباً راتوں رات فلسطینیوں کو پناہ گزینوں میں تبدیل کر دیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹرز میں ایک اعلیٰ سطح کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی انڈر سیکریٹری جنرل برائے امورِ سیاست اور امن سازی روز میری ڈی کارلو نے کہا کہ سال 1948 میں فلسطینیوں کی بڑے پیمانے پر نقل مکانی کو نکبہ (جس کا مطلب ہے ’تباہ‘) کے نام سے جانا جاتا ہے، یہ دن پوری دنیا کے فلسطینیوں کے لیے بہت اہمیت کا حامل ہے۔
تقریب میں ایشیا، افریقہ، وسطی و جنوبی امریکا اور مشرق وسطیٰ سے بہت سے رکن ممالک، افریقی یونین اور عرب لیگ کے نمائندوں نے شرکت کی تاہم امریکا اور برطانیہ اس میں شریک نہیں ہوئے۔
بے گھر آبادی کی خدمات کے لیے بنائی گئی اقوام متحدہ کی ایجنسی (یو این آر ڈبلیو اے) کی رپورٹ کے مطابق اس وقت 59 لاکھ فلسطینی مہاجرین کے طور پر رجسٹرڈ ہیں۔
4141243