ایکنا انٹرنیشنل ڈیسک کے مطابق عالمی اسٹار فٹبالر نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ ایسے وقت میں بات کرنا ہمیشہ آسان نہیں ہوتا۔
حماس کے حملوں کے بعد غزہ پر شروع کی گئی اسرائیلی بربریت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس میں بہت تشدد ہے اور اس میں بے انتہا بربریت ہے، حالیہ ہفتوں میں(اسرائیل فلسطین) تنازع میں آنے والی شدت ناقابل برداشت ہے.
محمد صلاح کا کہنا تھا کہ تمام زندگیاں مقدس ہیں اور ان کا تحفظ ہونا چاہیے۔ قتل و غارت گری بند ہونی چاہیے۔ کئی خاندان ٹوٹ کر بکھر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت یہ بات انتہائی ضروری ہے کہ فوری طور پر غزہ کیلئے انسانی امداد کی اجازت دی جائے، وہاں کے لوگ انتہائی مشکلات سے دوچار ہیں۔ گزشتہ رات اسپتال کے مناظر بھی دل دہلا دینے والے تھے۔ غزہ کے لوگوں کو خوراک، پانی اور دوائیوں کی ضرورت ہے۔
31 سالہ فٹبال اسٹار نے اپنے ویڈیو پیغام میں عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ آگے آئیں اور معصوم لوگوں کے مزید قتل عام کو روکنے کیلئے اپنے کردار ادا کریں۔
اپنے ویڈیو پیغام کے اختتام میں مصری فٹبالر محمد صلاح نے کہا کہ بلآخر انسانیت کو غالب آنا چاہیے./