ایکنا انٹرنیشنل ڈیسک کے مطابق مصر میں تعینات عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے ایک عہدیدار رچرڈ برینن نے کہا ہے کہ غزہ سے ریسکیو کیے گئے بچوں کی حالت تاحال خطرے سے باہر نہیں ہے لیکن وہ پُر امید ہیں کہ وہ جلد صحت یاب ہو جائیں گے۔
رچرڈ برینن نے ’اے بی سی نیوز ریڈیو‘ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم پر امید ہیں کہ بچے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے لیکن ہمیں بہت محتاط انداز میں ان کی دیکھ بھال کرنی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ بچوں کی صحت مزید پیچیدگیوں کا شکار ہوسکتی ہے اور تیزی سے بگڑ سکتی ہے، ان کی حالت تاحال خطرے سے باہر نہیں ہیں، اس لیے انہیں آئندہ چند روز تک ان کی انتہائی نگہداشت کی ضرورت ہے۔
اسرائیل کے سابق وزیراعظم ایہود باراک نے کہا ہے کہ غزہ میں ہسپتال کے نیچے بنکرز اسرائیل نے بنائے تھے۔
امریکی نشریاتی ادارے ’سی این این‘ کو دیے گئے انٹرویو میں ایہود باراک نے کہا کہ غزہ میں ہسپتال کے نیچے بنکرز اسرائیلی تعمیر کنندگان نے کئی دہائیوں قبل بنائے تھے، بنکرز بنانے کی وجہ غزہ کی نگرانی کرنا تھا۔
اینکر نے بیان پر حیرانی کا اظہار کرتے ہوئے استفسار کیا کہ آپ نے اسرائیل کا نام غلطی سے تو نہیں لے لیا؟ جواب میں انہوں نے کہا کہ نہیں، یہ کئی دہائیوں قبل کی بات ہے، اب یہ بنکرز حماس کے زیرِاستعمال ہیں۔