ایکنا نیوز ، عربی 21 نیوز کے مطابق فلسطینی ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) نے یحییٰ سنوار کے جانشین کے تقرر کے بجائے "رہنما کونسل" تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق، حماس کی نئی رہنما کونسل میں "محمد درویش" کو کونسل کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے جبکہ دیگر چار ارکان میں "خالد مشعل" (حماس کے بیرون ملک سربراہ)، "خلیل الحیہ" (حماس کے سیاسی دفتر کے نائب سربراہ)، "زاہر جبارین" (مغربی کنارے کے سربراہ)، اور "نزار عوض اللہ" (حماس کے بانیوں میں سے ایک) شامل ہیں۔
اس سے قبل، وال اسٹریٹ جرنل نے ذرائع کے حوالے سے بتایا تھا کہ یحییٰ سنوار نے مشورہ دیا تھا کہ اگر انہیں قتل کر دیا جائے تو حماس تحریک ایک رہنما کونسل اور عبوری دور کے انتظامات کا تعین کرے۔
عبرانی زبان کے اخبار "یسرائیل ہیوم" نے اس حوالے سے دعویٰ کیا کہ یحییٰ سنوار کے قتل کے بعد فی الحال ایک پانچ رکنی کونسل حماس کی قیادت کر رہی ہے۔
اس میڈیا نے دعویٰ کیا کہ حماس کا ارادہ نہیں ہے کہ وہ فوری طور پر یحییٰ سنوار کا کوئی جانشین مقرر کرے، اور اس معاملے کو داخلی انتخابات کے وقت تک موخر کیا گیا ہے جو آئندہ مارچ میں ہونے کا امکان ہے، بشرطیکہ انتخابات کے لیے حالات سازگار ہوں۔/
4243699