ایکنا نیوز ، مصری روزنامہ الاہرام کے مطابق، مصری وزارت اوقاف کے عالم دین اسامہ الجندی نے اعلان کیا کہ مصر اگلے ہفتے، 7 سے 10 دسمبر 2024 کو قرآن کریم کے حوالے سے ایک عالمی اہمیت کے حامل ایونٹ کی میزبانی کرے گا، جو وزارت اوقاف کے زیر اہتمام بین الاقوامی قرآن مقابلے ہیں۔
انہوں نے یہ بات گذشتہ روز کو مصری سیٹلائٹ چینل الناس کے پروگرام " عوام کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ امسال کے مقابلے دنیا کے مختلف براعظموں سے تعلق رکھنے والے 60 سے زائد ممالک کی شرکت کے ساتھ منعقد ہوں گے، اور ابتدائی آن لائن مقابلوں کے بعد 141 افراد کو مقابلے کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔
اسامہ الجندی نے مزید کہا کہ اس سال مقابلوں کے لیے نقد انعامات کی سب سے زیادہ رقم، یعنی 11 ملین مصری پاؤنڈز مختص کی گئی ہے، جو مختلف کیٹیگریز میں نمایاں کارکردگی دکھانے والوں کو دی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ مقابلوں میں ایک نئی کیٹیگری شامل کی گئی ہے، جو "قرآن کے تراجم" ہے۔ اس کیٹیگری میں وہ افراد شرکت کرسکیں گے جو عربی اور دیگر زبانوں پر عبور رکھتے ہیں، اور وہ قرآن کی تلاوت اور اس کے تراجم میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔
اس مصری عالم دین نے زور دیا کہ یہ مقابلے وزارت اوقاف مصر کی جانب سے دنیا بھر میں قرآن کے فروغ اور مصر کے قرآنی مقام کو اجاگر کرنے کی کوششوں کی عکاسی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ مقابلے اس بات کا ثبوت ہیں کہ مصری حکومت، وزارت اوقاف کی نگرانی میں، قرآن کی تعلیمات کو عالمی سطح پر پھیلانے کے لیے مسلسل کوشاں ہے۔/
4251727