ایکنا نیوز، "egypttelegraph.com" نیوز کے مطابق ، مصر کے وزیر اوقاف اسامہ الازہری اور اس وزارت کے مختلف شعبوں کے منتظمین نے قرآن حفظ کرنے والی اس بچی اور اس کی والدہ کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا۔ انہوں نے اللہ تعالیٰ سے دعا کی کہ وہ ان دونوں مرحومین کو انبیاء، صدیقین، شہداء اور صالحین کے ساتھ محشور کرے۔
مصر کے وزیر اوقاف نے حکم دیا کہ مرحومین کے خاندان کو 25 ہزار مصری پاؤنڈ کی مالی امداد فراہم کی جائے۔
سعاد رجب المزین اور ان کی والدہ بدھ کے روز آٹھویں بین الاقوامی قرآن حفظ اور دینی ابتهال کے مقابلے کے ابتدائی مرحلے سے واپس اپنے آبائی علاقے "البحیرہ" جا رہی تھیں۔ یہ مقابلہ مصر کے شہر "پورٹ سعید" میں منعقد ہوا تھا۔ راستے میں پیش آنے والے ایک المناک حادثے کے نتیجے میں وہ دونوں جان کی بازی ہار گئیں۔
پورٹ سعید کے بین الاقوامی قرآن مقابلوں کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر اور نگران عادل مصیلحی نے کہا کہ اس دل دہلا دینے والے حادثے میں سعاد رجب المزین اور ان کی والدہ وفات پا گئیں، جبکہ دیگر شرکاء اور ان کے والدین میں سے کچھ زخمی بھی ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق، سعاد رجب المزین نے جیوری کمیٹی کے سامنے قرآن پاک کی تلاوت کی اور اپنے حفظ شدہ قرآنی مواد پیش کیا۔ اپنی دلکش آواز سے انہوں نے جیوری کے اراکین کو متاثر کیا۔ وہ ان شرکاء میں شامل تھیں جن کے فائنل مرحلے تک پہنچنے کے امکانات کافی زیادہ تھے۔/
4253897