ایکنا نیوز، خلیجیون نیوز ایجنسی کے مطابق عبده الازہری نے ایک ٹیلی ویژن انٹرویو میں انٹرنیٹ پر قرآن کریم کے ایسے نسخوں کی اشاعت پر خبردار کیا ہے جن میں کچھ آیات میں تحریف پائی گئی ہے۔ انہوں نے تلاوت کے لیے استعمال کی جانے والی ایپلیکیشنز کے ماخذ کی تحقیق پر زور دیا۔
اس الازہری عالم نے مزید کہا کہ قرآن کی آیات کی صحت کو یقینی بنانے کے لیے الازہر سے وابستہ معتبر گروپوں کی طرف سے تصدیق شدہ ایپلیکیشنز ڈاؤنلوڈ کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ قرآن کو تحریف سے محفوظ رکھنے کے لیے مختلف ادوار میں بڑی کوششیں کی گئی ہیں۔
عبده الازہری نے یہ بھی کہا کہ بعض ایپلیکیشنز شریعت اسلامی کے خلاف فتوے پیش کرتی ہیں اور مصری شہریوں سے کہا کہ فتووں کے لیے وہ رسمی دینی مراجع پر انحصار کریں، خاص طور پر اس وقت جب یہ مراجع انٹرنیٹ پر بآسانی دستیاب ہیں۔
انہوں نے دینی امور کے لیے مصنوعی ذہانت کے استعمال کے خطرات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس ٹیکنالوجی میں چیٹ پروگرامز کے ذریعے دینی معلومات اور فتوے فراہم کرنا مناسب نہیں ہے، کیونکہ فتویٰ ایک تخصصی کام ہے جو ہر فرد کے حالات اور صورتحال کے مطابق مختلف ہوتا ہے۔
عبده الازہری نے اس بات پر زور دیا کہ فتویٰ کسی سرچ انجن یا سوشل میڈیا سائٹس سے حاصل نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے سب سے اپیل کی کہ دینی معلومات کی صحت اور قرآن کے متون کی حرمت کو برقرار رکھنے کے لیے رسمی دینی مراجع سے رجوع کریں۔/
4257205