حماس اور جهاد اسلامی کا نو منتخب لبنانی صدر کو تہنیتی پیغام

IQNA

حماس اور جهاد اسلامی کا نو منتخب لبنانی صدر کو تہنیتی پیغام

8:17 - January 11, 2025
خبر کا کوڈ: 3517785
ایکنا: فلسطینی جہادی تحریکوں نے نو منتخب صدر کو صدر بننے پر مبارکبادی کے پیغامات ارسال کیے۔

ایکنا نیوز، الجزیرہ نیوز کے مطابق فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس اور تحریک جہاد اسلامی فلسطین نے الگ الگ بیانات جاری کرتے ہوئے جوزف عون کو لبنان کے نئے صدر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی ہے۔

حماس کے بیان میں کہا گیا کہ امید ہے صدر جوزف عون کا عہد لبنان کو ترقی، خوشحالی، اور آزادی کے مقاصد کی تکمیل کی جانب لے جائے گا، جس میں صہیونی دشمن سے مکمل آزادی، قومی یکجہتی، امن و استحکام کا قیام شامل ہے۔ حماس نے لبنان میں اندرونی امن کی حمایت، فلسطینی اور لبنانی اقوام کے مابین بہتر تعلقات کے قیام، اور فلسطینی مہاجرین کے انسانی و سماجی حقوق کی بحالی پر زور دیا، تاکہ وہ فلسطین واپسی تک باعزت زندگی گزار سکیں۔

تحریک جہاد اسلامی نے بھی اپنے بیان میں جوزف عون کو منصب صدارت سنبھالنے پر مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ ان کا انتخاب لبنان میں امن، اتحاد، اور استحکام کو فروغ دے گا، اور حالیہ اسرائیلی جارحیت سے پیدا شدہ نقصانات کے ازالے میں مددگار ہوگا۔ انہوں نے لبنان کی مکمل خودمختاری کے احترام اور فلسطینی و لبنانی عوام کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی حمایت کی۔

لبنان کے پارلیمنٹ میں جوزف عون نے 128 میں سے 99 ووٹ لے کر دو سالہ خلا کے بعد ملک کے 14ویں صدر کے طور پر منصب سنبھالا۔ انہوں نے اسرائیلی جارحیت کے خلاف مکمل دفاعی حکمت عملی اختیار کرنے پر زور دیا اور کہا کہ لبنان کی خودمختاری اور آزادی کا تحفظ اولین ترجیح ہوگی۔ انہوں نے جنوبی لبنان سمیت ملک بھر میں اسرائیل کی جانب سے تباہ شدہ وسائل کی بحالی کا عزم ظاہر کیا۔

جوزف عون نے عرب ممالک کے ساتھ بہتر تعلقات اور مثبت غیرجانبداری کی پالیسی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ ہم بیرونی انحصار کے بجائے خود پر اعتماد کریں۔ انہوں نے فلسطینی مہاجرین کو لبنان میں ضم نہ کرنے کی پالیسی کا اعادہ کیا تاکہ ان کا فلسطین واپسی کا حق محفوظ رہے۔/

 

 

ٹیگس: حماس ، فلسطین ، لبنان
نظرات بینندگان
captcha