ایکنا نیوز- السیاسة نیوز کے مطابق، کویت میں قرآن، حدیث نبوی، اور علوم قرآن و حدیث کی طباعت و اشاعت کے نگران ادارہ کو حکم نمبر 3 سال 2025 کے تحت تحلیل کر دیا گیا ہے۔ اس ادارے کے تمام حقوق اور ذمہ داریاں وزارت امور اسلامی کویت کے سپرد کر دی گئی ہیں۔ ادارے کے ملازمین کو ان کی موجودہ حیثیت اور تنخواہوں کے ساتھ وزارت امور اسلامی میں اپنا کام جاری رکھنے کی اجازت دی گئی ہے۔ یہ فیصلہ کویت کے موجودہ معاشی حالات اور عوامی اخراجات میں کمی کے ساتھ بہتر کارکردگی کی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔
جاری کردہ حکم کے مطابق، کویت میں قرآن کی طباعت یا درآمد سرکاری اور نجی اداروں کے لیے وزارت امور اسلامی سے اجازت کے بغیر ممنوع ہوگی۔
خلاف ورزی کرنے والوں پر 3,000 سے 5,000 دینار تک جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ متخلف اشاعتوں کو ضبط کر لیا جائے گا، اور خلاف ورزی کرنے والوں کی دکانوں اور دیگر مقامات کو تین ماہ سے ایک سال تک کے لیے سیل کر دیا جائے گا۔
یہ حکم وزارت امور اسلامی کے مقرر کردہ اہلکاروں کو اختیار دیتا ہے کہ وہ ان دکانوں اور مقامات میں داخل ہو کر تفتیش کر سکتے ہیں جہاں قرآن اور احادیث نبوی کی کتابیں شائع یا فروخت کی جا رہی ہوں۔ وہ ان خلاف ورزیوں کا ریکارڈ رکھ کر متعلقہ حکام کو رپورٹ فراہم کریں گے۔/
4260885