ایکنا نیوز- آناتولی عربی نیوز کے مطابق ماہِ مبارک رمضان کے آخری جمعہ کی نماز میں فلسطینیوں، خصوصاً غزہ کے مظلوم عوام کے لیے دعائیں سرفہرست رہیں۔ اس دعا کی اپیل رواں مارچ کے آغاز سے ہی عرب اور اسلامی دنیا کی متعدد مساجد، خصوصاً تاریخی عبادت گاہوں جیسے مسجد الحرام (سعودی عرب)، جامعہ الازہر اور مسجد سلطان حسن (مصر) میں کی گئی تھی۔
شیخ یاسر الدوسری، خطیب مسجد الحرام نے گزشتہ روز نماز جمعہ کے خطبے میں مسجد اقصیٰ کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا:
"اے اللہ! مسجد اقصیٰ کی حفاظت فرما اور اسے قیامت تک عزت و عظمت کے ساتھ قائم رکھ!"
جامعہ الازہر کے خطیب نے بھی اپنے خطبے میں اہلِ غزہ کے لیے دعائیں کیں اور دشمنوں کی سازشوں سے ان کی حفاظت کی دعا کی۔
اسی طرح قاہرہ کے تاریخی علاقے میں واقع مسجد سلطان حسن کے خطیب نے بھی نماز جمعہ کے دوران غزہ کے عوام کے لیے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ انہیں دشمنوں پر فتح عطا فرمائے اور ان کی حفاظت فرمائے۔
واضح رہے کہ اسرائیل نے 7 اکتوبر 2023 سے امریکہ کی مکمل حمایت سے غزہ میں ظلم و ستم کا آغاز کیا، جسے ماہرین نسل کشی قرار دے رہے ہیں۔ اس جارحیت میں اب تک 1,64,000 سے زائد فلسطینی شہید یا زخمی ہو چکے ہیں، جن میں اکثریت عورتوں اور بچوں کی ہے۔ اس غیر مساوی جنگ میں 14,000 سے زائد افراد لاپتہ بھی ہو چکے ہیں۔/
4274177