ایکنا کی رپورٹ کے مطابق، اخبار الوطن سے نقل کردہ خبر میں کہا گیا ہے کہ عبدالهادی لعقاب الجزائر کے ممتاز امام جماعت اور استادِ قرآن تھے، جنہوں نے قرائات اور تجوید کے میدان میں کئی قیمتی آثار یادگار چھوڑے۔
انہوں نے الجزائر یونیورسٹی کی فیکلٹی آف اسلامک اسٹڈیز میں تجوید، قرائات اور تفسیر کی تدریس کی، اور سال 2019 میں عربی زبان اور قرآنیات میں ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کی۔
شیخ عبدالهادی کو قرائاتِ عشرہ کبریٰ و صغریٰ (یعنی اہلِ سنت کے ہاں معروف دس قراء سے منسوب قراءتیں) میں اجازہ حاصل تھا، اور وہ کئی بین الاقوامی قرآنی مسابقوں میں شرکت کر چکے تھے۔
وہ الجزائر، سعودی عرب (جائزہ ملک عبدالعزیز) اور متحدہ عرب امارات (دبئی قرآن ایوارڈ) کے بین الاقوامی قرآنی مسابقوں کی ججنگ کمیٹیوں کے رکن بھی رہے، اور ان کمیٹیوں میں ان کا نمایاں کردار رہا۔
عبدالهادی لعقاب علومِ قرآنی کے فروغ اور قرآن میں تدبر کے طریقوں کی ترویج کے حوالے سے مشہور تھے، اور انہوں نے کئی بین الاقوامی کانفرنسوں اور علمی سیمیناروں میں شرکت کی۔
اس الجزائری استادِ قرآن نے قرآنی موضوعات پر متعدد تحقیقی مضامین اور مقالات تحریر کیے، جو علمی و قرآنی دنیا میں گراں قدر اثرات کے حامل رہے۔