ایکنا نیوز: آستان مقدس حسینی کے انفارمیشن سینٹر کی رپورٹ کے مطابق، ادارۂ میوزیم امام حسینؑ جو کہ آستان مقدس حسینی کے زیر انتظام ہے، نے عالمی یومِ عجائب گھر اور اپنے قیام کی پندرہویں سالگرہ کے موقع پر ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا۔
یہ تقریب حسن رشید العبایجی (سکریٹری جنرل آستان مقدس حسینی)، مذہبی و ثقافتی شخصیات اور زائرین کی موجودگی میں منعقد ہوئی۔
العبایجی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا: آج ہم دو نہایت اہم مواقع کا مشاہدہ کر رہے ہیں: پہلا، عالمی یومِ میوزیم اور دوسرا، میوزیم آستان حسینی کے قیام کی پندرہویں سالگرہ۔
انہوں نے مزید کہا: موزه (عجائب گھروں) کی اہمیت ماضی اور حال کو آپس میں جوڑنے میں ہے، کیونکہ یہ قوموں اور ان کے رہنماؤں کی تاریخ کا حصہ ہوتے ہیں۔ اسی لیے آستان مقدس حسینی کی اعلیٰ انتظامیہ اس موضوع پر خاص توجہ دیتی ہے، کیونکہ میوزیم ایک عینی و محسوس ذرائع ابلاغ ہے جو زائرین کی روح، احساسات اور جذبات پر گہرا اثر ڈالتی ہے۔
انہوں نے بتایا: آستان مقدس حسینی کا موزه اسلامی دنیا کے مشہور موزه جات میں سے ایک ہے، جس میں واقعہ کربلا سے متعلقہ قیمتی اور تاریخی نوادرات شامل ہیں۔ یہ میوزیم امام حسینؑ اور ان کے جانثاروں کی قربانی، شجاعت اور فداکاری کا مظہر ہے، جو چودہ سو سال پرانے اس عظیم واقعے کی یاد دلاتا ہے۔ ہم اس ثقافتی منصوبے کی مکمل حمایت کرتے ہیں، جو نہ صرف ملک اور معاشرے بلکہ پوری امت مسلمہ کی ثقافتی شناخت کی نمائندگی کرتا ہے۔
العبایجی نے مزید وضاحت کی کہ آستان مقدس حسینی، حضرت زینب سلام اللہ علیہا کے صحن میں ایک عظیم، بین الاقوامی معیار کے جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ میوزیم قائم کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ یہ میوزیم قیمتی اشیاء، خطی نسخے، تاریخی نوادرات اور واقعہ کربلا سے متعلق اہم اشیاء کو نمائش کے لیے پیش کرے گا، نیز ان حملوں کی بھی تصویر کشی کرے گا جو اس مقدس مقام پر ناصبیوں اور دشمنانِ دین کی طرف سے کیے گئے۔ ان شاء اللہ یہ منصوبہ پایۂ تکمیل کو پہنچے گا اور عراق و اسلامی دنیا میں ایک فنی شاہکار شمار ہوگا۔
انہوں نے کہا: یہ تمام سرگرمیاں آستان مقدس حسینی کی اس عزم کو ظاہر کرتی ہیں کہ موزه امام حسینؑ کو ایک ایسا زندہ پلیٹ فارم بنایا جائے جو ثقافتی و فکری روابط کے لیے ہو، اور قربانی و نجات کی داستان کو نسل در نسل منتقل کرے، نیز تحریک حسینی کے عظیم پیغام کو پوری انسانیت کے لیے واضح کرے، تاکہ کربلا تاریخ کا مینارِ ہدایت اور ایک ناقابلِ فراموش یاد کے طور پر ہمیشہ زندہ رہے۔
امام حسینؑ میوزیم میں قیمتی نوادرات، قدیم اشیاء اور نادر و قیمتی کلیکشنز شامل ہیں جن کی تاریخ صدیاں پرانی ہے اور یہ اشیاء سلاطین اور بادشاہوں کی جانب سے بطور ہدیہ دی گئی تھیں، جن میں سے بعض امام حسینؑ کے خزانے میں محفوظ ہیں۔
یہ میوزیم سال 2009 میں قائم کیا گیا تھا اور اس میں آثار قدیمہ، بصری فنون اور عرب تاریخ کے ماہرین کو بھرتی کیا گیا۔ انہوں نے ان قیمتی نوادرات اور عرب و مسلم حکمرانوں، شہزادوں اور زائرین کی طرف سے دی گئی ہدیہ شدہ اشیاء کی فہرست تیار کی۔/
4283360