ملایشیاء؛ پنسٹھویں بین الاقوامی قرآنی مقابلوں کا اعلان

IQNA

ملایشیاء؛ پنسٹھویں بین الاقوامی قرآنی مقابلوں کا اعلان

5:46 - July 17, 2025
خبر کا کوڈ: 3518817
ایکنا: ملایشیاء کے وزیر برائے مذہبی امور نے 65ویں بین الاقوامی قرآنی مقابلوں کی تاریخ اور دیگر تفصیلات کا اعلان کر دیا۔

ایکنا نیوز کے مطابق 65ویں بین الاقوامی قرآنی تلاوت و حفظ کے مقابلے (MTHQA) کا آغاز (11 اگست) کو کوالالمپور کے عالمی تجارتی مرکز (WTCKL) میں ہوگا، جو 18 اگست تک جاری رہے گا۔

مالیزیا کے وزیر برائے مذہبی امور محمد نعیم مختار نے مقابلے سے قبل منعقدہ تقریب میں اعلان کیا کہ اس سال 50 ممالک سے 72 حافظ و قاری ان مقابلوں میں شریک ہوں گے۔

ان کے مطابق، ان میں سے 40 شرکاء تلاوت کے شعبے میں جبکہ 32 حفظ کے شعبے میں حصہ لیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ شرکاء کی آن لائن جانچ و انتخاب 19 تا 23 مئی کو ہوا، جسے تجربہ کار ججوں کی ٹیم نے شفافیت اور انصاف کو یقینی بناتے ہوئے پرکھا۔ مقابلے کا موضوع اس بار "امت کی ترقی" ہے اور اس کا افتتاح مالیزیا کے وزیراعظم انور ابراہیم کریں گے۔

مالیزیا کی نمائندگی درج ذیل افراد کریں گے:

  • تلاوت میں: ایمان رضوان محمد رملان (پراک)، وان صوفیا عینی وان محمد زاہدی (ترنگانو) حفظ میں: محمد ادیب احمد رزینی (پراک)، پوتری عونی خدیجہ محمد حنیف (کلانتان)

وزیر کے مطابق، اس سال 16 تجربہ کار اور اہل جج مالیزیا، سعودی عرب، مصر، اردن اور انڈونیشیا سے شرکت کریں گے تاکہ منصفانہ اور شفاف جانچ کو یقینی بنایا جا سکے۔

تلاوت کے شعبے میں جج حضرات چار اہم پہلوؤں کو مدنظر رکھیں گے: تجوید (صحیح ادائیگی)، لحن (آہنگ)، فصاحت (روانی) اور آواز کا معیار۔ جبکہ حفظ کے شعبے میں صحت اور روانی کو پرکھا جائے گا۔

محمد نعیم کے مطابق، اس موضوع کا انتخاب مالیزیا کے اس وژن کے مطابق ہے کہ معاشرے کی ترقی صرف مادی اور ڈھانچہ جاتی ترقی پر نہیں بلکہ روحانی، فکری اور اخلاقی پہلوؤں پر بھی ہو۔

انہوں نے یاد دلایا کہ ملایشیاء نے 8 مارچ 1961 سے ان مقابلوں کی میزبانی شروع کی، اور 2016 میں کویت کے بین الاقوامی قرآنی ایوارڈ میں بہترین قرآنی پروگرام کا انعام حاصل کیا۔

وزیر نے مزید بتایا کہ مالیزیا کی مذہبی امور کی تنظیم جاکیم (JAKIM) ان مقابلوں کے معیار کو جدید تقاضوں مثلاً ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت (AI) کے استعمال سے مزید بہتر بنانے کی کوشش کر رہی ہے۔

انعامات کی تفصیل کچھ یوں ہے:

  • پہلا انعام: 40 ہزار رنگٹ نقد دوسرا انعام: 30 ہزار رنگٹ تیسرا انعام: 20 ہزار رنگٹ ان کے ساتھ اسلامی اقتصادی ترقیاتی ادارے (YaPEIM) کی طرف سے دیگر انعامات بھی دیے جائیں گے۔

اس تقریب کا ایک اہم حصہ "ٹرین تلاوت" پر مشتمل ہوگا، جس میں کوالالمپور کے مرکزی ریلوے اسٹیشن سے ہاٹیاے (تھائی لینڈ) تک قرآن کی مسلسل تلاوت کی جائے گی۔ اس کا مقصد "بین الاقوامی ٹرین کے سفر میں سب سے طویل قرآنی تلاوت" کے لیے ملائیشین بک آف ریکارڈز میں نام درج کرانا ہے۔

واضح رہے کہ محسن قاسمی، قاری ممتاز، ایران کی طرف سے ان مقابلوں میں شرکت کے لیے قاریان و حافظان قرآن کی اعزامی کمیٹی کی جانب سے نامزد کیے گئے ہیں۔/

 

4294498

نظرات بینندگان
captcha