ایکنا نیوز- روزنامہ "الرایہ" کے مطابق یہ تربیتی کورس "قرآن میں مہارت" کے عنوان سے دو خصوصی سمر مراکز میں منعقد کیا گیا ہے، جہاں مختلف عمر کے افراد اور قرآن کریم کو دہرانے یا حفظ مکمل کرنے کے خواہشمند افراد نے تعطیلاتِ گرما کے دوران شرکت کی ہے۔
یہ قرآنی تربیتی پروگرام "جاسم درویش فخرو جامع مسجد" واقع "ابو هامور" اور "محمد بن عبدالعزیز آل ثانی جامع مسجد" واقع "حزم المرخیه" میں منعقد ہو رہا ہے۔
اس تربیتی کورس کا مقصد گرمیوں کی تعطیلات کو طلبہ کی علمی، اخلاقی اور تربیتی سطح بلند کرنے اور ان کے قرآن سے تعلق کو مضبوط کرنے کے لیے استعمال کرنا ہے۔ وزارت اوقاف قطر نے بچوں کے لیے "ابجد کورس" بھی منعقد کیا ہے جس کا مقصد ابجد کے اصولوں اور قرآنی حروف کی درست تلاوت سکھانا ہے۔
شیخ عمرو الملیکی، جو کہ جامع مسجد محمد بن عبدالعزیز آل ثانی میں "قرآن میں مہارت" کورس کے نگران ہیں، نے بتایا کہ اس پروگرام میں حفظِ قرآن، اس کا اعادہ اور تلاوت کی تصحیح پر خصوصی توجہ دی گئی ہے، جب کہ اس کے ساتھ ساتھ تربیتی اور تفریحی سرگرمیاں بھی شامل ہیں۔
انہوں نے مزید وضاحت کی کہ اس کورس کے دو حصے ہیں ،پہلا حصہ "دہرائی" سے متعلق ہے جس میں پورے قرآن، 25 پارے، 20 پارے، 10 پارے یا 5 پاروں کی دہرائی شامل ہے۔
دوسرا حصہ "حفظ و تلاوت" پر مشتمل ہے جو اُن طلبہ کے لیے ہے جو پہلے سے کچھ پارے حفظ کر چکے ہیں اور ان کی دہرائی یا مزید تلاوت کے خواہاں ہیں۔
الملیکی نے بتایا کہ اس مسجد میں جاری قرآنی کورس میں 90 طلبہ شریک ہیں، جن میں سے نصف مکمل حافظِ قرآن ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ یہ تربیتی سلسلہ 13 جولائی 2025 کو شروع ہوا ہے اور 13 اگست 2025 تک جاری رہے گا۔ یہ کلاسز ہفتے میں چار دن (اتوار سے بدھ تک) صبح 8 بجے سے 11 بجے تک منعقد کی جا رہی ہیں۔/
4297937