ایکنا نیوز- "الحقیقه" نیوز کے مطابق "لوئی بطارسه"، جو کہ اردن کے صوبہ مادبا کے ایک مسیحی باشندے ہیں، نے انسانی ہمدردی اور بین المذاہب بھائی چارے کی اعلیٰ مثال قائم کرتے ہوئے اپنے حال ہی میں وفات پانے والے پڑوسی "ابتسام شہادہ الثوابته" کی یاد میں قرآن کریم کے 100 نسخے شائع کر کے تقسیم کیے۔
مرحومہ کے بیٹے، "خالد ہلال الزعبی"، جو کہ مادبا شہر کے علاقے "العزیزات" کے رہائشی ہیں، نے بتایا کہ ان کی فیملی اس جذبۂ محبت و احترام پر انتہائی حیران اور متاثر ہوئی، خصوصاً جب وہ ایامِ سوگ منا رہے تھے۔
انہوں نے کہا "ایک مسیحی ہمسایہ کا ایسا عظیم اقدام نہ صرف ہمارے دکھ میں سکون کا باعث بنا، بلکہ یہ سب اہلِ محلہ اور تعزیت میں شریک افراد کے دلوں کو چھو گیا۔
الزعبی نے مزید کہا: ہمارے پیارے ہمسایہ کا یہ عمل مادبا اور اردن کے عوام کے لیے کوئی تعجب کی بات نہیں، ہم سب ایک خاندان کی طرح رہتے ہیں اور اپنی خوشیاں اور غم ایک ساتھ بانٹتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا: یہ اقدام حقیقی محبت کی ایک مثال ہے جو ہمیں ایک قوم اور ہمسایہ کے طور پر جوڑتا ہے۔
ان کے بقول، لوئی بطارسه نے قرآن کے نسخے چھپوائے اور ہر ایک پر مرحومہ والدہ کا نام تحریر کیا، اور پھر ان سے درخواست کی کہ وہ ان کے ساتھ کھڑے ہو کر تعزیت وصول کریں۔ یہ منظر ہر دیکھنے والے کے لیے قابلِ احترام اور جذبات سے بھرپور تھا، جو اردنی معاشرے کی باہمی یکجہتی کا آئینہ دار ہے۔
الزعبی نے آخر میں کہا: اردن میں عوام کے درمیان کوئی دیواریں نہیں۔ محبت اور احترام ہمیں متحد کرتے ہیں۔ ہمیں فخر ہے کہ ہم ایک ایسے معاشرے کا نمونہ ہیں جہاں مختلف مذاہب کے لوگ ہر موقع پر ایک دوسرے کا ساتھ دیتے ہیں اور حقیقی ہم آہنگی کا مظاہرہ کرتے ہیں۔/
4297880