العربی الجدید کے مطابق، اس میلے کا افتتاح اردن کے وزیرِ ثقافت مصطفی رواشده نے بادشاہِ اردن کی نمائندگی کرتے ہوئے کیا۔ یہ میلہ 4 اکتوبر 2025 تک جاری رہے گا۔
یہ بین الاقوامی کتاب میلہ، اتحادِ ناشران اردن کی کاوش سے مرکزِ نمائش گاہ اردن – مکہ مال میں منعقد کیا گیا ہے، جس میں 22 عرب اور غیر عرب ممالک کے 400 اشاعتی ادارے شریک ہیں۔ اس سال کا نعرہ "قدس؛ فلسطین کا دارالحکومت" اردن کے اُس مؤقف کی عکاسی کرتا ہے جو اسلامی و مسیحی مقدساتِ قدس شریف کے تحفظ کے حق میں ہے۔
وزیرِ ثقافت اردن نے بتایا کہ اس بار میلے کا مہمانِ خصوصی سلطنتِ عمان ہے، جو اپنی تاریخی وراثت اور علوم و معارف میں قدیم علمی گنجینوں کی بدولت اس اعزاز کی مستحق ہے۔
کتاب میلے میں اردن، فلسطین، شام، مصر، مراکش، تیونس، الجزائر اور امارات کے نامور فنکاروں اور تخلیق کاروں نے بھی شرکت کی ہے۔ اس کے علاوہ بچوں کے لیے خصوصی پروگرام بھی ترتیب دیا گیا ہے، جس کی نگرانی عبدالحمید شومان فاؤنڈیشن کر رہی ہے۔
کئی برسوں سے اردن کا بین الاقوامی کتاب میلہ مستقل طور پر "قدس؛ فلسطین کا دارالحکومت" کے نعرے کے ساتھ منعقد ہو رہا ہے تاکہ عالمی سطح پر انصاف، حقِ خودارادیت اور فلسطینی بیانیے کی حمایت کو اجاگر کیا جا سکے اور غاصبوں کی صہیونی و نسل پرستانہ پالیسیوں کا جواب دیا جا سکے۔/
4307302