انجمن سیاحت و سفر ملایشیاء (MATTA) نے اعلان کیا ہے کہ وہ کوالالمپور میں پہلی مرتبہ مسلمانوں کے لیے موزوں سفری سہولتوں پر مبنی نمائش (MFTF) کا انعقاد کرے گی۔ یہ نمائش 18 اور 19 اکتوبر (26 اور 27 مہرج) کو ورلڈ ٹریڈ سینٹر کوالالمپور میں منعقد ہوگی۔
ایسوسی ایشن نے کہا کہ یہ اقدام سفر اور سیاحت کی صنعت میں شمولیت اور جدت کے حوالے سے MATTA کے عزم کا ایک اہم سنگ میل ہے اور اس میں تیزی سے ترقی کرنے والے حلال ٹورازم سیکٹر کو اجاگر کیا جائے گا۔
نمائش میں 115 اسٹالز قائم ہوں گے جن کی میزبانی لائسنس یافتہ ٹریول اور ٹور آپریٹرز کے ساتھ ساتھ دیگر سیاحتی ادارے کریں گے۔
MATTA کے مطابق، یہ نمائش ان تمام مسافروں کے لیے ایک ہدفی اور جامع تجربہ فراہم کرے گی جو ایسی منزلوں، مصنوعات اور خدمات میں دلچسپی رکھتے ہیں جو مسلمانوں کی اقدار کے مطابق ہوں۔
اہم بات یہ ہے کہ یہ نمائش صرف مسلمانوں کے لیے محدود نہیں ہے، بلکہ ہر اس شخص کے لیے کھلی ہے جو ثقافتی طور پر حساس، خاندانی اور قابلِ دسترس سفری آپشنز تلاش کر رہا ہو۔
نمائش کے سرکاری شراکت داروں میں بینک RHB برہاد، اسلامی ٹورازم سینٹر اور Hwajing ٹریول اینڈ ٹور کمپنی شامل ہیں۔
نمائش کے منتظم فاضل خان نے کہا: "MATTA بخوبی جانتا ہے کہ مسلمان مسافر اکثر ایسے مقامات کی تلاش میں مشکلات کا سامنا کرتے ہیں جہاں حلال کھانے، نماز کی سہولیات اور خاندانی تفریحی مقامات موجود ہوں۔ یہ نمائش انہی خلا کو پُر کرنے کے لیے ہے۔"
انہوں نے مزید کہا کہ: ہم اس پر بھی فخر محسوس کرتے ہیں کہ معتبر ایجنسیاں عمرہ اور حج کے پیکیجز فراہم کر رہی ہیں، تاکہ مسلمان زائرین اطمینان اور سکون کے ساتھ اپنے مذہبی فرائض ادا کر سکیں۔
یہ نمائش عوام کے لیے 18 اور 19 اکتوبر، صبح 10 بجے سے رات 9 بجے تک کھلی رہے گی۔
یاد رہے کہ ملائیشیا نے اس سال ماسٹر کارڈ-کریسنٹ ریٹنگ گلوبل مسلم ٹریول انڈیکس میں 79 اسکور کے ساتھ پہلا مقام حاصل کر کے دوبارہ سب سے اوپر کی پوزیشن اپنے نام کر لی ہے۔/
4307746