ایکنا نیوز، روزنامہ الخلیج کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ شارجہ کی قرآن و سنت فاؤنڈیشن نے سال 2024 کے لیے اپنے دوسرے مرحلے کے قرآنی حلقوں کی اختتامی تقریب منعقد کی۔ اس موقع پر فاؤنڈیشن کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین سلطان مطر بن دلموک الکتبی، فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر عمر علی الشامسی، شارجہ قرآن اکیڈمی کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر عبداللہ خلف الحسنی، دیگر مذہبی و سرکاری شخصیات، والدین اور طلبہ کی بڑی تعداد موجود تھی۔
اس تقریب میں فاؤنڈیشن کے 95 طلبہ — جن میں 66 مرد اور 29 خواتین حافظِ قرآن شامل تھے ، کو قرآنِ کریم کی تکمیل اور ان کی محنت کے اعتراف میں اعزازات سے نوازا گیا۔
شارجہ ایوارڈ کا مقصد ایسے قرآنی اساتذہ اور حفاظ کی نسل تیار کرنا ہے جو حفظِ قرآن کو اعلیٰ اخلاق کے ساتھ جوڑ کر اماراتی معاشرے کی دینی و اخلاقی شناخت کو مضبوط کریں۔ یہ انعام شارجہ کی اُس وژن کی عکاسی کرتا ہے جو اسے علم و ایمان کا روشن مینار اور قرآنِ کریم کی خدمت میں ایک عالمی مرکز کے طور پر پیش کرتا ہے۔
تقریب کا آغاز متحدہ عرب امارات کے قومی ترانے سے ہوا، جس کے بعد ایک ممتاز قرآن آموز نے قرآنِ کریم کی دلنشین تلاوت کی۔ اس کے بعد ایک دستاویزی ویڈیو دکھائی گئی جس میں اس ایوارڈ کے آغاز سے اب تک کے مراحل، کامیابیوں اور فاؤنڈیشن کے مختلف قرآنی حلقوں کی خدمات کو نمایاں کیا گیا۔
اپنے خطاب میں سلطان الکتبی نے کہا: آج ہم اس عظیم اعزاز کے گواہ ہیں جو ہمارے بیٹوں اور بیٹیوں کے لیے باعثِ فخر ہے جنہیں اللہ تعالیٰ نے اپنے مقدس کلام کی حفاظت کے لیے منتخب کیا ہے۔ میں ان سب کو اس انمول اعزاز پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ یہ حفاظ قرآن کے ذریعے اس بلند مقام تک پہنچے ہیں جس سے اللہ نے انہیں ممتاز اور دوسروں کے لیے نمونہ بنایا ہے۔
تقریب کا اختتام 95 ممتاز مرد و خواتین حفاظِ قرآن کے اعزاز اور انعامات کی تقسیم کے ساتھ ہوا۔/
4309072