ایکنا نیوز، الکفیل کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ یہ تربیتی پروگرام نجف قرآنی مرکز کی جانب سے، جو آستانِہ مقدسِ حضرت عباسؑ کی قرآن اکیڈمی کے زیرِ انتظام ہے، سنہ ۱۴۴۷ ہجری قمری کے قرآنی تعلیمی منصوبے کے حصے کے طور پر منعقد کیا جا رہا ہے۔
شیخ مہدی قلندر البیاتی، جو اس کورس کے اساتذہ میں سے ایک ہیں، نے کہا کہ ادارے نے عراقی اور مصری قراءت کے انداز پر مبنی قراء کی تیاری کا تیسرا تربیتی مرحلہ شروع کیا ہے، جس میں عراق، ایران، پاکستان، تنزانیہ اور افغانستان سے تعلق رکھنے والے ۲۷ دینی طلبہ شریک ہیں۔
یہ پروگرام ماہرانہ نگرانی میں ایک جامع اور مختصر تعلیمی نصاب پر مشتمل ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کورس کا نصاب شرکاء کی صوتی مہارتوں کو مضبوط بنانے، لحنی صلاحیتوں کی ترقی، اور قرآنِ کریم کی جدید قراءتی تکنیکوں کی عملی تربیت پر مشتمل ہے، تاکہ وہ قرآنی محافل اور رسمی دینی اجتماعات میں اعلیٰ معیار کی تلاوت پیش کرنے کے اہل بن سکیں۔
شیخ البیاتی کے مطابق، یہ تربیت دو مراحل پر مشتمل ہے:
پہلا مرحلہ (ابتدائی) جس میں طلبہ کو تلاوت کے بنیادی اصولوں اور ادائیگی کے معیارات سے روشناس کرایا جاتا ہے۔
دوسرا مرحلہ (تخصصی) جو ان کے تجربے اور مہارت کو گہرا کرتا ہے تاکہ وہ حرمین، مساجد، حسینیہ جات اور عراق کے اندر و باہر کے دینی مدارس میں قرآنی محافل میں مؤثر انداز میں شرکت کے لیے تیار ہو سکیں۔/
4309413