
ایکنا نیوز، الیکڑونک اخبار صراحہ کے مطابق، سعودی عرب کی وزارتِ امور اسلامی و اسلامک گائیڈنس، اپنے مذہبی امور کے اتاشی کے ذریعے (جو بھارت میں خدمات انجام دے رہے ہیں)، سری لنکا کی اسلامی دینی و ثقافتی امور کی ایجنسی کے تعاون اور سری لنکا میں سعودی سفارتخانے کی نگرانی میں تیسرے قومی قرآن کریم مقابلے 2025 کا انعقاد کرے گی۔
اس مقابلے کا مقصد سری لنکا کی مسلم کمیونٹی کے افراد کو قرآن کریم کے حفظ اور اس کی آیات پر غور و فکر کی ترغیب دینا ہے۔
یہ مقابلہ اُن طلبہ و طالبات کے لیے کھلا ہے جو:
عربی مدارس،
قرآن حفظ کے وہ مدارس جو محکمۂ اسلامی امور میں رجسٹرڈ ہیں،
اور تسلیم شدہ سرکاری و نجی اسکولوں میں داخل ہیں۔
مقابلہ چار زمروں میں لڑکوں اور لڑکیوں کے لیے علیحدہ طور پر تقسیم کیا گیا ہے۔
مقررہ شیڈول کے مطابق:
ابتدائی مرحلہ 18 تا 22 نومبر 2025 کے دوران پورے سری لنکا کے پانچ مراکز میں منعقد ہوگا۔
فائنل مرحلہ 18 تا 20 دسمبر 2025 کو کولمبو میں ہوگا۔
یہ مقابلہ سعودی وزارتِ امور اسلامی، دعوت و ارشاد کی اُن کوششوں کا حصہ ہے جن کا مقصد قرآن کریم کی ترویج، حفظِ قرآن کی سرپرستی، اور علومِ قرآنی کی تعلیم کو فروغ دینا ہے۔ یہ اقدام سعودی عرب کی اُس وابستگی کی علامت بھی ہے جو وہ دنیا بھر کے لیے قرآنی ثقافت کے فروغ، اعتدال و میانہ روی کے اقدار کی ترویج، اور نئی نسلوں میں دینی آگاہی بڑھانے کے سلسلے میں رکھتا ہے، خواہ یہ سرگرمیاں سعودی عرب کے اندر ہوں یا بیرونِ ملک میں۔/
4317303