نیویارک کے مسلمان مئیر کی ٹرمپ سے ملاقات

IQNA

نیویارک کے مسلمان مئیر کی ٹرمپ سے ملاقات

5:27 - November 21, 2025
خبر کا کوڈ: 3519525
ایکنا: سی این این کے مطابق ٹرمپ زھران ممدانی سے ملاقات کریں گے جس سے دو طرفہ کشیدگی کے خاتمے کا امکان نظر آتا ہے۔

ایکنا نے عربی 21 کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ سی این این نے اعلان کیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نیویارک شہر کے نومنتخب میئر، زهران ممدانی، سے جمعے کے روز وائٹ ہاؤس کے اوول آفس میں ملاقات کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔ یہ دونوں شخصیات کی پہلی ملاقات ہوگی، جو ممدانی کے اس ماہ کے اوائل میں منتخب ہونے کے بعد ہو رہی ہے۔

ٹرمپ نے اپنی سوشل میڈیا ویب سائٹ Truth Social پر لکھا: نیویارک سٹی کے کمیونسٹ میئر، زهران ممدانی، نے ملاقات کی درخواست کی۔ ہم نے اتفاق کیا کہ یہ ملاقات جمعے کو اوول آفس میں ہوگی۔ مزید تفصیلات بعد میں جاری کی جائیں گی۔

زهران ممدانی نے ٹرمپ کے اعلان سے قبل MSNOW کو ایک انٹرویو میں بتایا کہ ان کی ٹیم نے اس ملاقات کے لیے رابطے کا آغاز کر دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ان کا دفتر نیویارک کے عوام کے مفاد میں وائٹ ہاؤس سے رابطے میں ہے، اور ان کا مقصد ہر اس شخص سے ملنا ہے جو اس شہر کے 8.5 ملین رہائشیوں کی خدمت کے لیے اہم ہو، وہ لوگ جو امریکا کے مہنگے ترین شہروں میں سے ایک میں زندگی گزارنے کی جدوجہد کر رہے ہیں۔

سی این این کے مطابق، یہ مجوزہ ملاقات ٹرمپ اور ممدانی کے درمیان کئی ماہ سے جاری کشیدگی کے خاتمے کا باعث بن سکتی ہے۔ یہ دونوں نیویارک کی اہم شخصیات ہیں جنہوں نے جون میں ڈیموکریٹک پرائمری میں ممدانی کی کامیابی کے بعد انتخابی مہم اور میڈیا میں ایک دوسرے پر سخت تنقید کی۔

نیٹ ورک نے بتایا کہ ٹرمپ نے ممدانی،  جو اپنے سوشلسٹ ڈیموکریٹک رجحانات کے باعث معروف ہیں کو ملک بھر میں ڈیموکریٹس پر حملے کے لیے ایک نئے ہتھیار کے طور پر استعمال کیا۔ انہوں نے ممدانی کو "چھوٹا کمیونسٹ" قرار دیا اور انتخابات سے قبل دھمکی دی تھی کہ اگر وہ جیت گئے تو نیویارک شہر کا وفاقی بجٹ روک دیں گے۔

سی این این نے مزید کہا کہ میئر منتخب ہونے کے بعد اپنی تقریر میں ممدانی نے براہِ راست ٹرمپ کو جواب دیتے ہوئے مزاحاً کہا: ڈونلڈ ٹرمپ! مجھے پتا ہے تم دیکھ رہے ہو، تو میری طرف سے چار لفظ ہیں: ٹی وی کی آواز بڑھا دو۔

اتوار کے روز ٹرمپ نے ممدانی سے ممکنہ ملاقات کا اشارہ دیتے ہوئے اینڈریوز ایئر بیس پر صحافیوں سے کہا:نیویارک کا میئر ہم سے ملاقات کرنا چاہتا ہے اور ہم ایک حل پر کام کریں گے۔ ہم چاہتے ہیں کہ نیویارک میں سب کچھ بہتر ہو۔/

 

4318212

نظرات بینندگان
captcha