
ایکنا نیوز- صدی البلد نیوز کے مطابق یہ پُرسکون لمحات سوشل میڈیا پر وسیع پیمانے پر وائرل ہوئے ہیں، جو نہ صرف کھلاڑی کے حوصلے اور ذہنی طاقت میں اضافہ کرتے ہیں بلکہ میڈیا حلقوں کی جانب سے بھی سراہا گیا ہے۔ بعض مبصرین کے مطابق یہ روحانی کیفیت مصری ٹیم کی حالیہ کامیابیوں کے عوامل میں سے ایک ہو سکتی ہے۔
مصری میڈیا ایکٹیوسٹ عمرو الدردیر نے اپنے ذاتی فیس بک اکاؤنٹ کے ذریعے محمد ہانی کی تعریف کی۔ انہوں نے بنین کی قومی ٹیم کے خلاف مقابلے سے قبل تیاری کے دوران قرآنِ کریم کی تلاوت کرتے ہوئے محمد ہانی کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا: “ہانی! ان شاء اللہ تم اس میچ کے اسٹار ثابت ہوگے۔”
مصری قومی فٹبال ٹیم نے افریقہ کپ آف نیشنز کے پری کوارٹر فائنل (راؤنڈ آف 16) میں بنین کو 1-3 سے شکست دے کر اگلے مرحلے میں رسائی حاصل کی۔
میچ کے بعد مصری ٹیم کے ہیڈ کوچ نے کہا: “کل سے ہم کوارٹر فائنل کی تیاری شروع کریں گے اور کسی بھی ٹیم کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہیں۔ میرے پاس 27 بہترین کھلاڑی ہیں، اور میں طبی عملے، انتظامی اسٹاف اور قومی ٹیم سے وابستہ تمام افراد کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔”
اس سے قبل بھی ایک ویڈیو منظرِ عام پر آ چکی تھی جس میں مصری قومی فٹبال ٹیم کے کھلاڑی مراکش میں ہونے والے افریقہ کپ آف نیشنز کے دوران زمبابوے کے خلاف میچ سے قبل اجتماعی طور پر قرآنِ کریم کی تلاوت کرتے دکھائی دیے تھے۔
ٹورنامنٹ کے آغاز پر مصری کھلاڑیوں کی جانب سے اجتماعی تلاوتِ قرآن نے بھی وسیع ردِعمل حاصل کیا۔ مصری ٹیم کے کھلاڑیوں نے زمبابوے کے خلاف میچ سے قبل ڈریسنگ روم میں ایک مرتبہ سورۂ فاتحہ اور تین مرتبہ سورۂ اخلاص کی تلاوت کی۔
قرآنِ کریم کی تلاوت کی یہ روایت اب افریقہ کپ آف نیشنز میں مصر کی شرکت کا ایک نمایاں اور منفرد پہلو بن چکی ہے۔

مصر نے افریقہ کپ آف نیشنز کے اپنے پہلے میچ میں زمبابوے کا مقابلہ کیا اور اسے 1-2 سے شکست دی۔
واضح رہے کہ آئندہ فٹبال ورلڈ کپ کے گروپ مرحلے میں مصری قومی فٹبال ٹیم کا مقابلہ ایران سے بھی ہوگا۔/
4327323