مصر؛ قرآنی مدرسہ «امام طیب» کے نئے شعبے کا افتتاح

IQNA

مصر؛ قرآنی مدرسہ «امام طیب» کے نئے شعبے کا افتتاح

14:13 - January 08, 2026
خبر کا کوڈ: 3519772
ایکنا: مصر میں جامعہ الازہر کے غیر عرب طلبہ کے لیے قائم مرکزِ تعلیمِ زبانِ عربی میں قرآنِ کریم کی حفظ و قرات کے مدرسہ "امام طیب" کی ایک نئی شاخ کا افتتاح کیا گیا۔

ایکنا نیوز- صدی البلد نیوز کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ اس مدرسے کا افتتاح نہلہ الصعیدی کی موجودگی میں کیا گیا، جو شیخ الازہر کی غیر ملکی طلبہ سے متعلق امور کی مشیر اور الازہر میں غیر عرب و غیر ملکی طلبہ کی تعلیمی ترقی کے مرکز کی سربراہ ہیں۔ یہ افتتاح سابقہ مدرسہ الشبینی کے مقام پر کیا گیا، جسے اب غیر عرب طلبہ کے لیے عربی زبان کے تعلیمی مرکز میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔

یہ نئی شاخ مدرسے میں طلبہ کی بڑھتی ہوئی تعداد اور ان کی قرآنِ کریم کے حفظ اور تلاوت کے حلقوں میں شمولیت کی خواہش کے پیشِ نظر قائم کی گئی ہے۔

اس موقع پر نہلہ الصعیدی نے کہا کہ مدرسہ امام طیب، قرآنِ کریم کے حفظ، علومِ قرآنی کی اشاعت اور غیر ملکی طلبہ میں قرآنی تعلیمات کے فروغ کے حوالے سے الازہر کے نمایاں اور پیش رو منصوبوں میں سے ایک ہے، جو اسلامی اعتدال، علمی ترقی اور طلبہ کی اخلاقی و عملی تربیت کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ مدرسہ صرف حفظِ قرآن تک محدود نہیں بلکہ تجوید کے قواعد میں مہارت، قرآنی معانی میں تدبر اور علومِ قرآنی سے آگاہی کو بھی اپنی ترجیحات میں شامل کیے ہوئے ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ غیر ملکی طلبہ کو قرآنِ کریم اور اس کے علوم کی تدریس سے متعلق مختلف مہارتیں سکھائی جاتی ہیں تاکہ وہ اپنے ممالک میں الازہر کے عالمی پیغامِ اعتدال کو منتقل کر سکیں اور میانہ روی کے سفیر بن سکیں۔

نہلہ الصعیدی نے واضح کیا کہ مدرسہ امام طیب کی شاخوں کی توسیع، شیخ الازہر احمد الطیب کی ہدایات کے مطابق کی جا رہی ہے، جنہوں نے طلبہ کو مفید علوم کی تعلیم، قرآنِ کریم سے مضبوط تعلق اور ایسی مضبوط شخصیات کی تربیت پر زور دیا ہے جو غلط اور تباہ کن افکار کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہوں۔/

 

4327495

نظرات بینندگان
captcha