
ایکنا نیوز- صدی نیوز کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ وزارتِ اوقاف و امورِ دینی فلسطین نے ماہِ جنوری کے دوران مسجدِ اقصیٰ، مسجدِ ابراہیمی اور دیگر تمام عبادت گاہوں کے خلاف اسرائیلی قابض افواج کی خلاف ورزیوں پر مشتمل اپنی ماہانہ رپورٹ جاری کی ہے۔
وزارت کی جانب سے پیر کے روز شائع ہونے والی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیلی قابض افواج اور آبادکاروں نے مسجدِ اقصیٰ پر اپنے حملوں میں اضافہ کیا، جن میں ۲۸ مرتبہ یورش اور مسجدِ اقصیٰ کو نشانہ بنانے والی خطرناک یہودیانے (یہودیت مسلط کرنے) کی منصوبہ بندی شامل تھی۔
رپورٹ کے مطابق قابض افواج نے نمازیوں کی رسائی محدود کی اور بالخصوص نمازِ فجر کے وقت انہیں مسجدِ اقصیٰ میں داخل ہونے سے روکا۔ اس کے علاوہ، مقبوضہ بیت المقدس کے قدیم شہر کے اطراف اور مسجدِ اقصیٰ کے دروازوں پر جمعہ کی نماز کے لیے آنے والے نوجوانوں کو حراست میں لیا گیا اور ان کے شناختی کارڈز کی جانچ پڑتال کی گئی۔
قابض حکام نے مسجدِ اقصیٰ کے قریب مغربی دیوارِ کے مقام پر اپنے فوجیوں کی تقریبِ فراغت بھی منعقد کی، جسے ایک اشتعال انگیز اقدام قرار دیا گیا۔ اس اقدام نے اس مقدس مقام کی حرمت کے خلاف جاری تجاوزات میں اضافہ کیا اور اہلِ قدس میں شدید غم و غصے کو جنم دیا۔
وزارتِ اوقاف فلسطین نے مزید بتایا کہ اسرائیلی فوج نے رواں ماہ مسجدِ ابراہیمی میں ۵۷ مرتبہ اذان کی نشریات کو روکا۔ مسجد کا روزانہ بازار والا دروازہ بند رکھا گیا ہے، جبکہ مشرقی دروازہ اور اس کی کھڑکیاں سال ۲۰۲۵ کے آغاز سے ترپال سے ڈھانپی گئی ہیں۔ قابض افواج کی جانب سے حال ہی میں مسجد کے خدماتی اور انتظامی حصوں کے دروازوں پر لگائے گئے تالے اب بھی موجود ہیں، اور صہیونی حکام مسجد کے متولیوں کو انہیں کھولنے سے روکتے ہوئے ان کے فرائض کی انجام دہی میں براہِ راست رکاوٹ ڈال رہے ہیں۔
رپورٹ میں بغیر کسی وضاحت کے مسجدِ ابراہیمی کے اطراف جاری کھدائیوں اور دیگر سرگرمیوں کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔ قابض افواج، جو اکثر سول لباس میں ملبوس ہوتی ہیں، بارہا مصلیٰ الاسحاقیہ سے عملے کو باہر نکالتی رہیں تاکہ اپنی فورسز کی آمد و رفت کو یقینی بنایا جا سکے۔
وزارتِ اوقاف نے زور دے کر کہا ہے کہ قابض افواج کے یہ اقدامات مسجدِ ابراہیمی کے حوالے سے اوقاف کے اختیارات پر کھلا اور ڈھٹائی پر مبنی حملہ ہیں، جو اس مقدس مقام کی حرمت کی سنگین پامالی، مسلمانوں کے جذبات کو بھڑکانے اور اس اسلامی عبادت گاہ پر قبضہ جمانے کی دانستہ کوشش کے مترادف ہیں۔/
4331976