فلسطینی بوڑھا اور شہید شدہ قرآنوں کی مرمت سازی

IQNA

فلسطینی بوڑھا اور شہید شدہ قرآنوں کی مرمت سازی

7:02 - May 02, 2026
خبر کا کوڈ: 3520165
ایکنا: غزہ شہر کی ایک تنگ فٹ پاتھ کے کونے میں بیٹھا حاج رأفت جبر اپنے اردگرد پھٹے ہوئے صفحات اور جلے ہوئے نسخوں کو نہایت توجہ سے انہیں اکٹھا کر رہا ہے، گویا وہ کسی ایسی یاد کو دوبارہ جوڑ رہا ہو جو ملبے کے نیچے سے سلامت بچ نکلی ہو۔

ایکنا نیوز-  الجزیرہ نیوز چینل کے مطابق ورکشاپس اور لائبریریوں سے دور، مرمت کی ایک مختلف کہانی شروع ہوتی ہے؛ ایک ایسے شخص کی داستان جو جنگ میں تباہ شدہ مساجد اور گھروں کے ملبے سے بچ جانے والے قرآنوں کی مرمت کر رہا ہے۔

جبر سادہ اوزاروں اور بغیر بجلی کے، روزانہ طویل گھنٹے صفحات کو جوڑنے اور دوبارہ جلد بندی کرنے میں صرف کرتا ہے، تاکہ جتنا ممکن ہو سکے قرآن کریم کے نسخوں کو بچا سکے۔ وہ غزہ کی پٹی میں سینکڑوں مساجد کی تباہی کے بعد پیدا ہونے والی قرآن کی شدید کمی کو پورا کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ ایک چھوٹے سے کمرے میں، جو بمشکل اسے تیز دھوپ سے بچاتا ہے، اس کا کام ایک مشن اور اس کی کوشش ایک قسم کی مزاحمت بن چکی ہے۔

جبر نے الجزیرہ مباشر کو دیے گئے ایک انٹرویو میں بتایا کہ لوگ اپنے خراب شدہ قرآن اس کے پاس لے کر آتے ہیں، اور وہ محدود وسائل اور ضروری سامان کی کمی کے باوجود انہیں دوبارہ قابلِ استعمال بنانے کی کوشش کرتا ہے۔

وہ روزانہ پانچ سے چھ قرآنوں کی مرمت کرتا ہے۔ یہ تعداد بظاہر کم لگتی ہے، لیکن محاصرے اور تباہی کی اس حقیقت میں اس کی اہمیت کہیں زیادہ ہے۔ یہ پیشہ اس کے لیے نیا نہیں؛ اس شخص نے تقریباً 30 سال کتابوں کی مرمت میں گزارے ہیں۔ جنگ سے پہلے وہ ایک مصروف بازار میں اپنی دکان پر بہتر اوزاروں اور مستحکم حالات میں کام کرتا تھا، لیکن جنگ نے سب کچھ بدل دیا۔

وہ ایک مکمل ورکشاپ سے کھلے فٹ پاتھ تک آ گیا، یعنی پیشہ ورانہ کام سے ایک ذاتی کوشش کی طرف، جو مضبوط عزم سے چل رہی ہے۔

مشکلات کے باوجود جبر نے کام چھوڑنے کا کبھی نہیں سوچا۔ وہ کہتا ہے کہ اس کا کام اسے امید اور اطمینان دیتا ہے، اور اسے وہ “اللہ کی کتاب کی خدمت” قرار دیتا ہے۔ غزہ میں قرآن کے نسخوں کی آمد پر پابندیوں کے باعث، اس کی جانب سے ملبے سے بچائی گئی کاپیوں کی ضرورت مزید بڑھ گئی ہے۔

جبر زیادہ کچھ نہیں چاہتا؛ وہ صرف یہ چاہتا ہے کہ اسے اپنے کام کو وسعت دینے کے لیے ایک بہتر جگہ مل جائے۔/

 

4349701

نظرات بینندگان
captcha