
ایکنا نیوز- بلد نیوز کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ قطر کی کمپنی "گلوب آرٹ قطر" کے مالک مسلم امینی نے 600 سال سے زائد قدیم عثمانی سلطان کے نایاب مخطوطہ قرآن کی رونمائی کی، جس کی قیمت ایک ملین قطری ریال سے زیادہ ہے۔ یہ نادر نسخہ دوحہ انٹرنیشنل بک فیئر (DIBF) 2026 میں کمپنی کی شرکت کے دوران پیش کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ قرآنِ کریم سونے کی روشنائی سے تحریر کیا گیا ہے اور یہ ان نایاب ترین نوادرات میں شامل ہے جو اس سال کی نمائش میں پیش کیے گئے ہیں۔ اس کے ساتھ سینکڑوں کتابیں، مخطوطات اور تاریخی آثار بھی رکھے گئے ہیں جو اسلامی اور عالمی تاریخ کے مختلف ادوار کی عکاسی کرتے ہیں۔
مسلم امینی نے وضاحت کی کہ ان قیمتی نوادرات میں نادر مخطوطات، کتابوں اور تاریخی آثار کا ایک ایسا مجموعہ شامل ہے جو ایک متحرک تاریخی عجائب گھر کا منظر پیش کرتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ قرآن عثمانی دور کے اسلامی خطاطی اور تزئینی فن کا ایک نادر نمونہ ہے، جسے انتہائی مہارت کے ساتھ ہاتھ سے تحریر کیا گیا اور سونے کے پیچیدہ نقش و نگار سے مزین کیا گیا ہے۔
ان کے بقول، یہی خصوصیات اس نسخۂ قرآن کو ایک ایسا شاہکار بناتی ہیں جس میں دینی، فنی اور تاریخی اہمیت یکجا ہو گئی ہے۔/
4352941