الازهر میں آسان حفظ قرآن کا آغاز

IQNA

الازهر میں آسان حفظ قرآن کا آغاز

7:11 - May 21, 2026
خبر کا کوڈ: 3520240
ایکنا: جامعہ الازہر کے شعبۂ قرآنی امور کے ڈائریکٹر جنرل نے موسمِ گرما کی تعطیلات کے دوران طلبہ کے لیے قرآن حفظ کرنے میں سہولت فراہم کرنے کے منصوبے کے آغاز کا اعلان کیا ہے۔

ایکنا نیوز- خبررساں ادارے مصراوی کے حوالے سے ابو الیزید سلامہ، ڈائریکٹر جنرل امورِ قرآن الازہر نے کہا کہ ’’اپنے قرآنی نصاب کو حفظ کریں‘‘ کے عنوان سے یہ پروگرام ہفتے میں تین دن، یعنی اتوار، منگل اور جمعرات کو منعقد ہوگا تاکہ طلبہ کو آئندہ تعلیمی سال کے قرآنی نصاب کو حفظ کرنے میں مدد مل سکے اور وہ گرمیوں کی تعطیلات سے بہترین فائدہ اٹھا سکیں۔

سلامہ نے ایک بیان میں مزید کہا کہ ’’اپنے نصاب کو حفظ کریں‘‘ پروگرام کا مقصد قرآن کریم کی درست تلاوت کو فروغ دینا، حفظ اور تدبرِ قرآن کے رجحان کو بڑھانا اور شیخ الازہر و شیخ ایمن عبدالغنی، نائبِ الازہر کی ہدایات پر عمل کرنا ہے۔

انہوں نے وضاحت کی کہ اس منصوبے کے کئی بنیادی پہلو ہیں، جن میں سب سے اہم ’’10 ہزار ختمِ قرآن کرنے والوں‘‘ کا شعبہ ہے، جس کا مقصد مصر بھر میں الازہر سے وابستہ 12 ہزار سے زائد قرآنی مراکز کے ذریعے 10 ہزار حفاظ اور ختمِ قرآن کرنے والے افراد تیار کرنا ہے۔

سلامہ نے زور دے کر کہا کہ پروگرام کا ایک دوسرا حصہ خاص طور پر الازہر کے تعلیمی اداروں کے طلبہ کے لیے ترتیب دیا گیا ہے۔ یہ پروگرام ہفتے میں تین دن منعقد ہوگا تاکہ طلبہ آئندہ تعلیمی سال کا نصاب پہلے سے حفظ کر سکیں، موسمِ گرما کی تعطیلات سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور نئے تعلیمی سال میں اپنے تعلیمی بوجھ کو کم کر سکیں۔

انہوں نے بتایا کہ اس منصوبے میں " قرآن کریم پلیٹ فارم" بھی شامل ہے، جو ایک آن لائن پلیٹ فارم ہے اور الازہر کے طلبہ سمیت ان تمام افراد کو دور سے قرآن حفظ کرنے کی سہولت فراہم کرے گا جو گرمیوں کے دوران حفظِ قرآن کرنا چاہتے ہیں۔

الازہر کے ڈائریکٹر جنرل امورِ قرآن نے مزید کہا کہ آن لائن پلیٹ فارم کے علاوہ الازہر کے مدارس اور حفظِ قرآن مراکز میں قراءتِ قرآن اور احادیثِ نبویہ سننے کی نشستیں بھی منعقد کی جائیں گی۔

انہوں نے یاد دلایا کہ ’’عالمی یومِ تلاوتِ قرآن‘‘ کے حوالے سے بھی مختلف سرگرمیاں ترتیب دی گئی ہیں، جو ہر سال 30 اگست کو منایا جاتا ہے، اور ان میں ایک دن میں مکمل قرآن کی تلاوت یا اس کے مختلف حصوں کی قراءت شامل ہوگی۔

 

4353129

نظرات بینندگان
captcha