بصارت سے محروم افراد اور قرآنی خطاطی کا تعلق

IQNA

7:58 - August 20, 2026
خبر کا کوڈ: 3520610

بصارت سے محروم افراد اور قرآنی خطاطی کا تعلق

ایکنا: مصر کے ایک ماہرِ مخطوطات نے نابینا افراد کے لیے قرآنِ کریم کے کتابتی رسم الخط، خصوصاً خطِ کوفی کی خوبصورتی کو بہتر طور پر محسوس کرنے کے لیے ایک منفرد قرآنی منصوبے کے تحت نیا طریقہ وضع کیا ہے۔

1

ایکنا نیوز- الاہرام کے حوالے سے رپورٹ کیا گیا ہے کہ مخطوطات کے ماہر محمد مجدی الدیب، جو نادر اور قابلِ توجہ قرآنی نسخوں کی نمائش کرنے والے منصوبے ’’مصحفجی" کے بانی ہیں، لوئی بریل کے وضع کردہ تاریخی نظام سے آگے بڑھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ان کا مقصد یہ ہے کہ نابینا افراد لمس کے ذریعے قرآنِ کریم کے مختلف خطی اسالیب کی خوبصورتی کو محسوس اور سمجھ سکیں۔

الدیب، جن کا قرآنی مخطوطات اور ان کی فنی خوبصورتی کے ساتھ تعلق روز بروز گہرا ہوتا جا رہا ہے، اس کوشش میں ہیں کہ نابینا افراد بھی قرآن کے نفیس اور آراستہ نسخوں کی جمالیاتی کشش، خصوصاً ان کی خوشنویسی سے لطف اندوز ہو سکیں۔

آثارِ قدیمہ کے اس نوجوان محقق نے عربی خطوط اور تزئینات میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی ہے۔ انہوں نے ایک ایسے اقدام کے تحت ’’لمسی قرآن‘‘ منصوبہ شروع کیا ہے جسے قرآن کے متن کو پیش کرنے کے طریقۂ کار میں ایک انقلابی قدم قرار دیا جا سکتا ہے۔

اس اقدام کا مقصد نابینا افراد کو ایک بار پھر قدیم عربی خطاطی کے جمالیاتی حسن، خصوصاً خطِ کوفی اور اس کی ہندسی خصوصیات سے جوڑنا ہے۔ اس کے لیے مجرد نقطوں پر مبنی نظام کو ہندسی خطوط پر مبنی ایک نئے نظام میں تبدیل کیا گیا ہے۔

الدیب کا کہنا ہے کہ بریل کے روایتی نظام کی تاریخی اہمیت اپنی جگہ مسلم ہے، تاہم اس نظام کے ذریعے نابینا قارئین عربی خطاطی اور قرآنِ کریم کے اصل رسم الخط کے جمالیاتی حسن سے براہِ راست استفادہ نہیں کر پاتے۔ اس نظام میں وہ ایسے جامد علامتی نقطوں کے ساتھ تعامل کرتے ہیں جو حروف کی اصل شکل یا ان میں ہونے والی بصری تبدیلیوں کی عکاسی نہیں کر سکتے۔ دوسری جانب بریل قرآن کے متعدد اور ضخیم جلدوں پر مشتمل ہونے کی وجہ سے انہیں ایک جگہ سے دوسری جگہ لے جانا بھی مشکل ہوتا ہے۔

انہوں نے وضاحت کی کہ یہ منصوبہ ’’ہندسی نمونہ سازی" کے اصول پر مبنی ہے، جس میں ہر حرف کو ایک افقی خط اور ایک عمودی خط سے تشکیل دیا جاتا ہے۔ افقی خط استحکام اور اتصال کی نمائندگی کرتا ہے، جبکہ عمودی خط الف، حروفِ مد اور عمودی امتدادات کی علامت ہے۔/

 

4370269

نظرات بینندگان
captcha