ایکنا: اسپین میں مسلمانوں کے دورِ حکومت سے تعلق رکھنے والا تقریباً 800 سال قدیم قرآنِ کریم کا ایک نسخہ اس ملک کے شہر مالاگا کے میوزیم میں محفوظ ہے۔
ایکنا نیوز اسلام سٹی نیوز کے مطابق کوتار کے مخطوطات (ہسپانوی: Los manuscritos de Cútar) اسلامی اسپین سے تعلق رکھنے والی تین دستاویزات کو کہا جاتا ہے، جو 2003ء میں صوبہ مالاگا کے گاؤں کوتار میں دریافت ہوئی تھیں۔ ان دستاویزات میں قرآنِ کریم کا ایک نسخہ اور دو دیگر کتابیں شامل ہیں، جو 500 سال سے زائد عرصے تک ایک قدیم مکان کی دیوار کے پیچھے چھپی رہی تھیں۔
بعد کی تحقیقات سے معلوم ہوا کہ ان کتابوں کو محمد الشیار نامی ایک فقیہ اور گاؤں اکوتا کے امام نے تقریباً 1500ء میں وہاں چھپایا تھا۔
الشیار 1490ء میں کوتار پہنچے تھے۔ کیتھولک حکمرانوں کی جانب سے اسپین کی دوبارہ فتح کے بعد انہیں مذہب تبدیل کرنے یا جلاوطنی اختیار کرنے میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا پڑا۔ انہوں نے جلاوطنی کو ترجیح دی اور واپسی کی امید میں اپنی کتابیں مکان کی دیوار کے پیچھے چھپا دیں۔ تاہم وہ کبھی واپس آ کر یہ کتابیں تلاش نہ کر سکے۔ بالآخر 28 جون 2003ء کو یہ کتابیں اتفاقاً اس وقت دریافت ہوئیں جب موجودہ مالک کے مکان کی تعمیرِ نو کا کام جاری تھا۔
ان کتابوں کی مرمت کی گئی اور اب یہ مالاگا کے صوبائی تاریخی آرکائیو میں محفوظ ہیں۔ مربع شکل کا یہ قرآنِ کریم دورِ حکومتِ موحدین، یعنی بارہویں یا تیرہویں صدی عیسوی سے تعلق رکھتا ہے، جس کی وجہ سے یہ اسپین میں محفوظ دو قدیم ترین قرآنی نسخوں میں شمار ہوتا ہے۔ باقی دونوں کتابیں الشیار کی اپنی تحریر کردہ ہیں۔
ان کتابوں کے مطبوعہ نسخے بھی کوتار کے مونفی میوزیم میں محفوظ ہیں۔
پہلی کتاب ’’تجارت‘‘ کے نام سے موسوم ہے۔ یہ ایک حوالہ جاتی کتاب تھی، جس سے الشیار بطور فقیہ کسی خاص مسئلے کی وضاحت درکار ہونے کی صورت میں رجوع کرتے تھے۔
دوسری کتاب میں الشیار نے اپنی زندگی اور اپنے معاشرے سے متعلق معلومات اور حالات درج کیے ہیں۔ اس میں دعائے نبویؐ، خطبات، احادیث اور دیگر مذہبی موضوعات کے ساتھ ساتھ جادو اور امورِ باطن سے متعلق مواد اور اشعار بھی شامل ہیں۔ یہ کتاب بھی کاغذ پر لکھی گئی ہے اور اس کا جلدی سرورق چمڑے کا ہے۔
تیسری کتاب قرآنِ کریم کا ایک نسخہ ہے، جو الشیار کے زمانے میں بھی ایک صدی سے زیادہ قدیم تھا اور چودہویں صدی عیسوی سے تعلق رکھتا ہے۔
یہ کہا جا سکتا ہے کہ الشیار کی خواہش پوری ہو گئی، کیونکہ ان کی گم شدہ کتابیں، ان کی یادوں اور ان کے عہد کے لوگوں کی زندگیوں کی جھلکیوں کے ساتھ، آج سب کے استفادے کے لیے محفوظ ہیں۔/
4370211