ایکنا نیوز- مصر کے معروف قاری شیخ محمد عبدالوہاب طنطاوی نے ایکنانیوز سے گفتگو میں بین الاقوامی مقابلوں کو اتحاد اسلامی کا مظہر قرار دیتے ہوئے کہا : دنیا بھر سے قاریوں اور حافظ حضرات کی بھرپور شرکت بلاشبہ ایک خوش آئند امر ہے ۔ قرآنی مقابلوں کے مصری جج نے ایران کی قرآنی شعبے میں کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا : قرآنی ثقافت اور اسکے نتیجے میں اتحاد امت کے لیے کوششیں قابل قدر ہیں ۔
شیخ عبدالوہاب نے شمالی افریقہ سے لیکر یورپ اور جنوبی ایشیاء کے ممالک سے قاریوں اور حفاظ کی بھرپور شرکت کو اتحاد اسلامی کا مظہر قرار دیا اور وحدت کو ضروری امر جانتے ہوئے کہا :ہم سب ایک رسول {ص}کے پیروکار اور امتی ہیں اور مسلمانوں کے درمیان اختلاف کو وحدت میں بدلنے کے حوالے سے اہل قرآن پر ذمہ داری عائد ہوتی ہیں ۔ انہوں نے میڈیا اور دیگر تبلیغی اداروں کے کردار کو بھی قرآنی ثقافت اور تعلمیات کے فروغ میں ضروری قرار دیا۔
شیخ عبدالوہاب طنطاوی نے قرآنی مقابلوں میں خواتین کی شرکت کو سراہتے ہوئے کہا : بلاشبہ خواتین جو ہماری آنے والی نسلوں کی مربی ہیں انکی شرکت قرآنی مقابلوں میں ایک ضروری اور خوشگوار پہلو ہے ۔
معروف مصری قاری نے گفتگو کے آخر میں مقابلے کے منتظمین کی کوششوں کو سراہا اور ایک بار پھر اسلامی وحدت اور قرآنی آیت «وَاعْتَصِمُواْ بِحَبْلِ اللّهِ جَمِیعًا وَلاَ تَفَرَّقُوا؛ پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے کہ ایک دن امت مسلمہ متحد اور یکجا ہوگی۔