ایکنانیوز-ایران ریڈیو-رہبرانقلاب اسلامی نے فرمایا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے حکام کو خدا کی مرضی حاصل کرنے کے لئے ہمیشہ انقلابی مواقف اور جذبات کا تحفظ کرنا چاہیے۔ رہبرانقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے آج ہفتہ حکومت کی مناسبت سے صدر اور ان کی کابینہ کے ارکان سے ملاقات کی۔ رہبرانقلاب اسلامی نے سابق صدر محمد علی رجائی اور سابق وزیر اعظم محمد جواد باہنر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انقلابی راہ پر قائم رہنا ، انقلابی جذبات کی برقراری اور خدا کی مرضی کا حصول ان دو بزرگ شہیدوں کی اہم ترین خصوصیات تھیں۔ آپ نے گیارھویں حکومت کی ایک سالہ کارکردگی پر صدر کا شکریہ ادا کیا، آپ نےفرمایا کہ عوام کو حکومت کی کارکردگی سے آگاہ کیا جانا چاہیے تاکہ عوام انجام شدہ اقدامات سے آگہی حاصل کرکے حکومت کے آئندہ کے منصوبوں سے بھی مطلع ہوسکیں۔ رہبرانقلاب اسلامی نے فتنے اور فتنہ پھیلانے کو اہم ترین مسائل اور ریڈ لائینوں میں قراردیا اور فرمایا کہ کابینہ کے ارکان نےجس طرح سے اعتماد کا ووٹ لینے کے موقع پر فتنوں سے دور رہنے کا عھد کیا تھا اس پر قائم رہیں۔ رہبرانقلاب اسلامی نے گذشتہ ایک برس میں علاقائی اور عالمی مسائل کے تعلق سے حکومت کے صریح اور ٹھوس مواقف کو سراہتے ہوئے کہا کہ فلسطین، صیہونی حکومت، غزہ ، شام عراق اور تکفیری دھڑوں نیز امریکہ کی مداخلتوں کے بارے میں صریح اور شفاف مواقف اپنانا اسلامی جمہوریہ ایران کے حق میں ہے اور سفارتی اور مذاکرات سے بھی کسی طرح کا تضاد نہیں رکھتے ہیں۔ رہبرانقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے فرمایا کہ ان مسائل کے بارے میں شفاف اور صریح مواقف قوموں کے نزدیک اسلامی جمہوری نظام کی حیثیت اور اسکی اسٹریٹجی کا تحفظ کریں گے۔ آپ نے استقامتی معیشت کی پالیسیوں پر عمل درآمد کو ملک میں پیداوار بڑھانے کی غرض سے داخلی توانائیوں کو مہمیز کرنے کے لئے اہم قراردیا۔